پاک فوج کے جوانوں پر سرحد پار سے حملہ بزدلانہ اقدام ہے، علامہ عارف واحدی
پاک فوج دھرتی کی حفاظت کے لئے قربانیاں دے رہی ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے شمالی وزیر ستان میں افغانستان سے دہشتگردوں کی فائرنگ میں 6جوانوں کی شہادت جبکہ بلوچستان میں کومبنگ آپریشن کے دوران حملے میں ایک کیپٹن سمیت چار جوانوں کی شہادت پرشدیدغم وغصہ اور لواحقین سے اظہار ہمدری کرتے ہوئے کہاکہ وزیرستان میںدہشتگردوں کی جانب سے پاک فوج کے جوانوں پر سرحد پار سے حملہ ایک بزدلانہ اقدام ہےاورملک میںامن سرحدپار دہشتگردوں کی روک تھام سے ہی ممکن ہے ۔
علامہ عارف حسین واحدی نے افغان سیکیورٹی فورسز اور حکام پر زور دیا کہ وہ پاکستان کےخلاف اپنی سرزمین کا استعمال روکیں۔علامہ عارف حسین واحدی کاکہناتھاکہ پاک فوج دھرتی کی حفاظت کے لئے قربانیاں دے رہی ہے اور ہم جانوں کے نذرانے دینے والے شہداءکو سلام پیش کرتے ہیںجس پر ہمیں فخر ہے اور ہم خطہ میں امن کے خواہاں ہیں۔
علامہ عارف واحدی نے کہا کہ شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت خطے میں امن کے لیے پاکستان کی قربانیاں لائق تحسین ہیں،سیکیورٹی فورسز کی کوششوں سے قبائلی علاقوں کی صورت حال بہتر ہوئی دشمن عناصر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کی یہ بزدلانہ کوشش انشاءاللہ ناکام ہو گی۔