دیگرمذاہب و مسالک سے قربت اختیار کرکے حق بات پہنچائی جائے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ عقیدہ توحید دین کی بنیاد ہے، اللہ کیساتھ کسی کو شریک بنانا ناقابلِ معافی ہے، قرآن کی رو سے شرک کے مرتکب کو جہنم میں پھینک دیا جائے گا۔تکبّر نہایت ہی بری صفت ہے، اسی بنا پر ابلیس، شیطان قرار پایا تھا۔ گفتار و رفتار میں عاجزی و انکساری پسندیدہ صفت ہے۔ زمانہ جاہلیت میں 360 خداؤں میں کوئی ایک بھی حقیقی ہوتا تو اللہ کا مقابلہ کرتا۔ اگر کوئی اور خدا ہوتا تو اس کے بھی نمائندے آتے۔ اللہ تعالیٰ کی ذات بہت بلند ہے، اُس کی عظمتوں کا ادراک بھی نہیں کیا جا سکتا۔تمام مخلوقات اس کی تسبیح کرتی ہیں لیکن ہم انسان سمجھ نہیں سکتے۔
یہ خبر بھی پڑھیں علماء و عمائدین ملتان نے حکومت کی جانب سے متنازعہ یکساں نصاب تعلیم کو کلی طور پر مسترد کردیا
علی مسجد جامعتہ المنتظر لاہور میں خطاب کرتے ہوئے حافظ ریاض نجفی نے کہ بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کے حقیقی نمائندے بھی عظیم صفات کے مالک ہوتے ہیں۔ وہ انسانیت اور مسلمانوں کے مفادات کو ترجیح دیتے ہیں اور خود پر ظُلم و ستم ڈھانے والوں سے بھی اسلام کے مفاد کی خاطر تعاون کرتے ہیں جیسا کہ حضرت امام محمد باقر علیہ السلام نے حکومتِ وقت کی پانی کے کنوئیں کھودنے کے صحیح مقام کی راہنمائی کی جب مختلف کنوؤں سے پانی نکالنے میں انہیں ناکامی ہوئی اور گیس کی وجہ سے مزدور ہلاک ہوگئے۔ اس سے سبق ملتا ہے کہ عقیدے سے اختلاف کرنیوالوں سے بھی میل جول رکھنا چاہئے تاکہ ان تک حق کی بات کسی طور پہنچتی رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام رضا ؑ کا فرمان ہے کہ کسی کے رہبروں کیخلاف غلط باتیں نہ کریں ورنہ وہ آپ کے پیشواؤں کیخلاف باتیں کریں گے، لہٰذا دیگر مذاہب اور مسالک سے قربت اختیار کی جائے، خوشگوار تعلقات قائم کئے جائیں، اس سے ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے میں آسانی ہوگی اور معاشرے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے اور حق بات لوگوں تک پہنچانے کا بھی موقع ملے گا۔