کرونا کے تدارک میں جانیں گنوا نے والے ڈاکٹر شہید کا درجہ رکھتے ہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) معروف شیعہ عالم دین اور خطیب اہل بیتؑ علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ شہری کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اور ڈاکٹروں کی ہدایت پر عمل کریں کیونکہ اس وقت ڈاکٹر اور میڈیکل اسٹاف عظیم جہاد میں مصروف ہے، لہٰذا عوام خداوند تعالیٰ سے توبہ و استغفار اور رحم کی اپیل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ خصوصاً جو ڈاکٹر اس کے تدارک میں اپنی جانیں گنوا چکے وہ شہید کا درجہ رکھتے ہیں، آج ہماری قوم کوہمت و حوصلے کے ساتھ ساتھ اتحاد و وحدت کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا، اس کے ساتھ ساتھ اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آزمائش کی اس گھڑی میں ثابت قدم رہنا ہوگا۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ لاک ڈاؤن ہونے کے دوران غریبوں محتاجوں اور ضرورت مندوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مخیر حضرات اپنا کردار ادا کریں تاکہ کوئی بھی شخص بھوکا نہ سو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مہلک مرض کے پھیلاؤ کا ذمہ دار کوئی ایک شخص نہیں کیونکہ اس وقت پوری دنیا اس کی لپیٹ میں ہے، لہٰذا کچی اور کمزور باتوں سے پرہیز کیا جائے اور ہم وطن مل کر اس کا مقابلہ کریں کیونکہ یہ مہلک مرض بڑی تیزی سے پورے ملک میں پھیل رہا ہے۔