علامہ غلام حسنین وجدانی کی گرفتاری ایک شرمناک عمل ہے، علامہ ہاشم موسوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ سی ٹی ڈی کی جانب سے علامہ غلام حسنین وجدانی کی گرفتاری ایک شرمناک عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے امام جمعہ علامہ غلام حسنین وجدانی کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔
علامہ ہاشم موسوی نے کہا کہ بہت افسوس کی بات ہے کہ ہمارے پندرہ سو سے دو ہزار شہداء کے قاتل تاحال نہیں پکڑے گئے ہیں۔ ان کی جانب سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی توجہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ غلام حسنین وجدانی عالم دین اور ایک شریف انسان ہیںجو اتحاد امت مسلمہ کیلئے بات کرتے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں حق زہراؑ کا دفاع کرنے کی پاداش میں علامہ غلام حسنین وجدانی کو گرفتار کرلیا گیا
انہوں نے کہا کہ علامہ غلام حسنین نے ہمیشہ پاکستان بچانے اور قوم کو متحد کرنے کی بات کی ہے۔ انہیں بے بنیاد الزام لگا کر ذہنی طور پر ٹارچر کرنا انصاف نہیں ہوسکتا ہے۔ علامہ ہاشم موسوی نے کہا کہ کاش ہمارے ادارے پاکستان کے اصل دشمنوں کو پہچان لیں۔ ہمارے اداروں کو ان عناصر کو پہچاننا چاہیئے، جو دہشتگردی کرکے اس ملک کو برباد کرنے، پاکستانی عوام کے قتل عام اور فوجیوں کے سروں سے فٹبال کھیلنے میں ملوث تھے۔ اداروں کو ان کے پیچھے جا کر ان کو گرفتار کرنا چاہیئے۔ ایک بے گناہ عالم دین کو پکڑنا کبھی انصاف نہیں ہوسکتا ہے۔