حکومت آپس کی چپقلش چھوڑ کر عوام کو مہنگائی سے نجات دلائے، علامہ حسین مسعودی
شیعہ نیوز:ہیئت آئمہ مساجد امامیہ کے مرکزی صدر علامہ محمد حسین مسعودی نے کہا کہ حکومتی اتحاد انتشار و افراتفری اور آپس کی چقپلش کو چھوڑ کر عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں، اس وقت بجلی، پیٹرول اور گیس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے عوام پریشان ہیں، اس بڑھتی مہنگائی پر کوئی بات کرتا ہوا نظر نہیں آتا، وزیراعظم پاکستان ہوں، عدلیہ یا اسٹبلشمنٹ کوئی اس موضوع پر بات نہیں کرتا کہ بجلی کی قیمتیں مسلسل کیوں بڑھائی جا رہی ہیں،۔
علامہ حسین مسعودی نے کہا کہ پیٹرول، گیس اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر کسی قسم کا کوئی کنٹرول نہیں ہے، آج ہمارا تاجر عوام سے من پسند ریٹ وصول کررہا ہے، پرائس لسٹ یا قیمتیں چیک کرنے کا ہمارے ہاں کوئی فارمولا نظر نہیں آتا جس کی وجہ سے عوام مزید پریشانی میں مبتلا ہو رہے ہیں، خدارا حکومت اور ریاستی ادارے عوام کے دکھ اور درد کو سمجھیں کیونکہ اس وقت ایک عام آدمی کا حال برا ہے اور وہ مہنگائی سے دبتا ہی چلا جا رہا ہے۔