
حضور سید الانبیاء کی ذات گرامی امت مسلمہ کے درمیان نقطہ اتحاد و وحدت ہے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز: عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے جیکب آباد میں میلاد ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت سید غلام شبیر نقوی، جماعت اہل سنت کے مولانا خادم حسین اور ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے لبیک یا رسول اللہ اور مرحبا یا مصطفیٰ کے فلک شگاف نعروں سے فضاء کو منور کر دیا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ہفتہ وحدت کے موقع پر جیکب آباد میں شیعہ سنی اتحاد کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور سید الانبیاء کی ذات گرامی امت مسلمہ کے درمیان نقطہ اتحاد و وحدت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ اور سنی آپس میں بھائی بھائی ہیں کیونکہ قرآن کریم نے فرمایا "انما المومنون اخوۃ” مومنین آپس میں بھائی بھائی ہیں، جبکہ وارث قرآن حضرت سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ایک مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے۔