تعلیم و تربیت کے مراحل طے کرنیوالے نظریاتی کارکن تنظیم کا اثاثہ ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی تنظیم سازی کونسل کا آن لائن اجلاس مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں یونٹس کے نو نکاتی پروگرام کتاب رہنمائے مسئولین کے مطالعے اور اسٹڈی سرکلز اور دعائیہ پروگرام پر غور و خوض کیا گیا، اور فیصلہ کیا گیا کہ 25 اور 26 نومبر بروز ہفتہ اور اتوار ملک بھر میں کتاب رہنمائے مسئولین کا اسٹڈی سرکل کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اپنے کارکنوں کی دینی اور تنظیمی تعلیم و تربیت کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ تعلیم و تربیت کے مراحل طے کرنے والے نظریاتی کارکن تنظیم کا اثاثہ ہیں۔ یونٹس کی فعالیت کے لئے نو نکاتی پروگرام پر عمل درآمد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے لئے دعاگو ہیں۔ اللہ تعالیٰ فلسطین اور کشمیر کو جلد آزادی نصیب فرمائے۔
فلسطینی بچوں کے قتل عام پر آج پوری دنیا کے باضمیر انسان حالت سوگ میں ہیں۔ اس موقع پر صوبائی مسولین نے شعبہ تنظیم سازی کی فعالیت اور ملک گیر اسٹڈی سرکل پروگرام کے حوالے سے رپورٹ پیش کی اور تجاویز دیں۔ آن لائن اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ماہ مرکزی تنظیم سازی کونسل کا اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری تنظیم جنوبی پنجاب سید دلاور عباس زیدی، صوبائی سیکرٹری تنظیم سندھ محمود الحسن، صوبائی سیکرٹری تنظیم پنجاب مظہر جعفری، صوبائی سیکرٹری تنظیم ریاست کشمیر قمر حسین، صوبائی جنرل سیکیٹری گلگت بلتستان علامہ مشتاق حکیمی، مرکزی تنظیم سازی کونسل کے رکن و سابقہ صوبائی صدر علامہ برکت علی مطہری، رکن شوریٰ عالی کاچو زاہد حسین، ریاست کشمیر کے صوبائی سیکرٹری عابد حسین اور مرکزی آفس میں شعبہ تنظیم سازی کے معاون برادر شمس الدین کامل شریک ہوئے۔