ملت کے جوان اور بزرگ مجلس وحدت مسلمین کے ہاتھ مضبوط کریں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملت کے جوان اور بزرگ آگے بڑھ کر مجلس وحدت مسلمین کے ہاتھ مضبوط کریں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے حب چوکی میں مرکز تعلیم القرآن میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر بلوچستان علامہ سید ظفر عباس شمسی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ضلع حب چوکی بلوچستان کا دورہ کیا۔
اس موقع پر گڈانی اور حب چوکی میں مختلف پروگراموں میں شریک ہوئے۔ وفد میں سابقہ صوبائی صدر علامہ برکت علی مطہری، صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، مجلس علمائے شیعہ کے رہنماء علامہ سیف علی ڈومکی، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رابطہ سیکرٹری سید قربان علی شاہ، ضلع صدر ایم ڈبلیو ایم عمران علی انگاریہ و اراکین ضلع کابینہ ان کے ہمراہ تھے۔
یہ خبر بھی پڑھیں اس باشعور اور غیرت مند قوم نے غلامی کی زنجیروں اور خوف کے بت کو پاش پاش کر دیا ہے، علامہ سید احمد اقبال رضوی
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نعمت خداوندی ہے۔ جس نے ملک بھر کے لاکھوں عاشقان اہل بیت ؑ کو ایک لڑی میں پرویا ہوا ہے۔ ملت کے جوان اور بزرگ آگے بڑھ کرمجلس وحدت مسلمین کے ہاتھ مضبوط کریں۔
گڈانی ساحلی شہر ہونے کے باوجود حکومتی عدم توجہی کا شکار ہے۔گڈانی کا ساحل سمندر اور تفریحی مقامات انتہائی خوبصورت ہیں۔ مگر حکومت عدم توجہی اور نا اہلی کے باعث گڈانی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔
علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو بچپن ہی سے مسجد اور قرآن کریم و دینی تعلیمات سے آشنا و مانوس کریں۔ آخر میں مرکز تعلیم القرآن کے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔