علامہ مقصود ڈومکی کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، متاثرین سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے گوٹھ رستم علی بگٹی ضلع جعفر آباد کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔ متاثرین نے انہیں سیلابی پانی کی تازہ صورتحال اور اپنی مشکلات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سردی کا موسم آگیا ہے، مگر سیلاب متاثرہ لاکھوں غریب لوگوں کے پاس نہ کمبل ہے، نہ گرم کپڑے موجود ہیں۔ باریک خیمے شبنم اور ٹھنڈ کو روکنے سے قاصر ہیں۔ تین ماہ گزر گئے، مگر سیلاب کا پانی اب بھی کئی فٹ کھڑا ہے۔ اس وقت بھی سینکڑوں دیہات زیر آب ہیں۔ تین ماہ سے سیلاب میں ڈوبے عوام نے پہلی مرتبہ حکومتی نمائندوں کو اس ہفتے دیکھا ہے۔ جو گھروں کا سروے کرتے ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔
پتہ نہیں حکومتی امداد کو عوام تک پہنچنے میں مزید کتنا وقت لگے گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں ترکیہ میں ہونے والی دہشتگردی قابل مذمت ہے، علامہ ساجد نقوی
انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ ممالک موسمی تبدیلیوں کے باعث ہونے والے نقصانات کا ازالہ یقینی بنانیں۔ پاکستان میں آئندہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے ابھی سے اقدامات کئے جائیں۔ درایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کراچی میں ہیلتھ ورکرز پر پولیس گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری دور حکومت میں پرامن احتجاج پر تشدد قابل افسوس ہے۔ سندھ حکومت ہیلتھ ورکرز کے جائز مطالبات تسلیم کرے۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس اور ہیلتھ ورکرز کو ایسے احتجاج اور اقدامات سے گریز کرنا چاہئے جو عوام کی مشکلات میں اضافے کا سبب بنیں۔