
علامہ مقصود ڈومکی کی پشتونخوا کی صوبائی قیادت کو یوم القدس کے احتجاج میں شمولت کی دعوت
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی و دیگر رہنماؤں نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی صوبائی قیادت کو یوم القدس کے موقع پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، پشتون قبائلی جرگہ کے چیئرمین سردار محمود خان اچکزئی اور جمعیت غرباء اہل حدیث کے صوبائی امیر مولانا فضل ربی کے ہمراہ پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی دفتر میں صوبائی صدر عبدالقہار ودان و دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی اور انہیں 25 رمضان المبارک جمعہ الوداع عالمی یوم القدس کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین اور غزہ کے مظلوم عوام پر اسرائیل نے ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے۔ اسرائیلی ظلم و بربریت کی تاریخ انسانی میں مثال ملنا مشکل ہے۔ ہر سال دنیا بھر کے غیرت مند مسلمان مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جمعہ الوداع کو عالمی یوم القدس مناتے ہیں۔ جس کا مقصد فلسطین میں جاری اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف احتجاج ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالقہار ودان نے کہا کہ فلسطین میں جاری مظالم پر پوری امت مسلمہ رنجیدہ ہے۔ مسلم حکمرانوں کی بے حسی اور خاموشی کے سبب گذشتہ 6 ماہ سے اسرائیلی جارحیت جاری ہے۔ پاکستان سمیت مسلم حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ فلسطینیوں کی عملی مدد کریں۔ انہوں نے عالمی یوم القدس میں فلسطینیوں کی حمایت میں نکلنے والی احتجاجی ریلی اور مظاہرے میں شرکت کا وعدہ کیا۔