دور حاصر کی یزیدیت سے نبرد آزما ہونے کیلئے فکر امام حسینؑ کو شعار بنانا ہوگا، علامہ مختار امامی
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے نائب صدر علامہ مختار احمد امامی نے کہا ہے کہ دور حاصر کی یزیدیت سے نبرد آزما ہونے کیلئے فکر امام حسینؑ کو شعار بنانا ہوگا، نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام نے دین اسلام کی شکل مجروح کرنے والوں کے ساتھ جس شجاعت سے مقابلہ کیا آج اسی کی ضرورت ہے۔ 3 شعبان المعظم یوم ولادت باسعادت امام حسینؑ کے موقع پر اپنے بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ امت مسلمہ کے انتشار کا واحد حل در اہلبیت علیہم السلام سے تمسک میں ہے، امام حسین علیہ السلام نے چودہ سو سال قبل ان دہشت گردوں کو شکست دی جو دین اسلام کا لبادہ اوڑھ کر دین کو اپنی پسند نا پسند میں ڈھال رہے تھے، آج بھی بیشتر تکفیری گروہ یزیدی فکر کو پروان چڑھانے کے درپے ہیں، یہ لوگ اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام دشمن قوتوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، شیعہ سنی وحدت نے انہیں ناکامی سے دوچار کیا ہے۔
علامہ مختار امامی نے مزید کہا کہ حسینیت انسانیت کی بقا کا نام ہے، امام حسینؑ نے ظالمانہ نظام کیخلاف سر جھکانے سے سر کٹانے کو ترجیح دی، امام حسینؑ وہ الہٰی شخصیت ہیں جنہوں نے جرات و ہمت، شجاعت و بہادری اور ایثار و قربانی کو معراج عطا کی، امام حسینؑ وہ ہستی ہیں جنہوں نے الہٰی اقدار اور اعلیٰ انسانی اقدار کو حیات نو دی۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرت، شجاعت، ایثار، قربانی، وفا، دیانت اور ظلم کے مقابلے میں قیام سمیت دیگر انسانی اوصاف مرچکے ہوتے اگر امام حسینؑ کربلا میں قیام نہیں کرتے، امام حسینؑ نے دین اسلام کی بقاء کے لئے سب کچھ قربان کرکے یہ درس دیا ہے کہ دین اسلام ہر شہ سے مقدم ہے۔ انہوں نے امام حسین علیہ السلام کی ولادت کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دعاگو ہوں کہ ہم سب سیرت حسینیؑ کے حقیقی معنوں میں پیروکار بنیں۔