علامہ ناظر تقوی کا بلقیس ایدھی کے انتقال پر اظہار تعزیت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی نے فخر پاکستان بلقیس ایدھی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستانی قوم ایک عظیم شخصیت سے محروم ہوگئی، عبدالستار ایدھی اور بلقیس ایدھی کی قومی خدمات کسی سے بھی پوشیدہ نہیں، اگر پاکستان میں انسانی حقوق کے لئے بلاتفریق رنگ و نسل و مذہب کی کسی نے خدمت کی ہے تو وہ عبدالستار ایدھی اور بلقیس ایدھی صاحبہ تھی کہ جنہوں نے انسانیت کی خدمت کو اپنا نصب العین اور مقصد بنایا آج وہ کام جو حکومتوں کی ذمہ داریاں تھیں وہ کام عبدالستار ایدھی اور ان کی زوجہ نے انجام دیئے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا بلقیس ایدھی کے انتقال پر تعزیتی پیغام
علامہ ناظر عباس تقوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کام کرنے والی مختلف این جی اوز کو بھی چاہیئے کہ جناب عبدالستار ایدھی اور بلقیس ایدھی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بلا رنگ و نسل انسانیت کی خدمت کو اپنا فریضہ بنائیں تاکہ معاشرے کے محروم، غریب غرباء، یتیم و بے سہارا لوگوں کا سہارا بن سکے، ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بلقیس ایدھی کی خدمات پر اُن کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے اور پاکستانی نصاب میں بھی ان کی قومی خدمات کا ذکر کیا جائے۔