علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا مشہد مقدس کا دورہ، ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں اور کارکنوں سے ملاقات
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دورہ ایران کے دوران مجلس وحدت مسلمین کے مشہد مقدس میں دفتر موسسہ شہید عارف الحسینی کا دورہ کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم شعبہ مشہد مقدس کے سیکرٹری جنرل آقائی حجتہ الاسلام عقیل حسین خان اور اُن کی کابینہ نے استقبال کیا۔ دفتر مجلس وحدت مسلمین پاکستان وموسسہ شہید عارف الحسینی شعبہ مشہد مقدس میں ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا، نشست کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت محمد جواد رضا خان نے حاصل کی، ذاکر علی اسدی بلتستانی نے منقبت پیش کرکے خوب داد و تحسین وصول کی، شاعر اہلبیت شمس جعفری نے اپنے بہترین کلام سے سامعین کو مسحور کیا، مہمان خصوصی ناصر ملت سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں طلاب کرام کو وقت کی اہمیت پر نصیحت کی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں پاکستان اور خطے میں ہونے والی تبدیلیوں کے حوالے سے گفتگو کی۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکہ اور ان کے اتحادی اس انقلاب کو ختم کرنے پہ تلے ہوئے ہیں، یقینا اس دور میں انقلاب کا آگے بڑھنا معجزہ سے کم نہیں اس انقلاب کے لئے بہت سی عظیم شخصیات نے اپنا خون دیا، وہ اگر اس دور میں ہوتے تو یقینا عظیم رہبران میں سے ہوتے۔ امریکی لابی نہ صرف ایران بلکہ شام، لیبیا اور عراق کو بھی تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ آج اگر یہ سب اس کے شر سے بچے ہوئے ہیں تو یہ اس الہی قیادت کی برکت سے ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کا محل وقوع بہت ہی اہمیت کا حامل ہے، امریکا اور اس کے حواری پاکستان میں حالات خراب کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ اگر خدانخواستہ پاکستان میں حالات خراب ہوتی ہیں تو پورے ریجن میں اس کے برے اثرات پڑیں گے۔
اُنہون نے کہا کہ ہم پاکستان کا درد رکھنے والوں کے ساتھ مل کر دشمن کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، قائد وحدت نے افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر افغانستان میں حالات مزید خراب ہوتے ہیں تو پڑوسی ممالک پر اس کے بہت برے اثرات پڑیں گے، ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پاکستانیوں کو اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضروت ہے، مجلس وحدت مسلمین تمام سیاسی اور مذہبی پارٹیوں سے رابطے میں ہے اور انشاءاللہ دشمن کے ناپاک عزائم وحدت کے ذریعے خاک میں مل جائین گے۔