
زیارت امام حسین ع عین عبادت ہے، ہمارا احتجاج سیاسی نہیں،زائرین امام حسین ع کے ہمراہ کل ریمدان بارڈر کیلئے ضرور روانہ ہوں گے ،علامہ راجہ ناصرعباس
شیعہ نیوز : کراچی سے ریمدان بارڈر زائرین اربعین حسینی مارچ کی قیادت کیلئے کراچی پہنچنے پر چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے ویڈیو پیغام میںکہا ہے کہ زیارت امام حسین ع عین عبادت ہے، ہمارا احتجاج سیاسی نہیں،زائرین امام حسین ع کے ہمراہ کل ریمدان بارڈر کیلئے ضرور روانہ ہوں گے۔اگر زائرین کے مسائل حل کرنے کیلئے کوئی ہم سے بات کرنا چاہتا ہے تو ضرور بات کریں گے۔زیارت امام حسین ع پر لگائی جانے والی پابندیوں کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوںنے مزید کہا کہ اپنے شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی کسی بھی ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے، افسوس ہماری ریاست اپنے ٹیکس پیئرشہریوں سے یہ بنیادی حق بھی چھین رہی ہے ۔ امام حسینؑ کی زیارات سے ہم کسی صورت دستبردار نہیں ہوسکتے، حکومت اگر سنجیدہ ہوتی تو زائرین کوزمینی سفر کے متبادل ذرائع کی پیشکش کرتی لیکن انہوں نے اس سنگین مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دی، زائرین اور سالاروں کو اربوں روپئے داؤ پر لگادیئے گئے۔ ہمارا یہ مارچ فقط عشق امام حسینؑ کا مظہر ہے جس کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں۔