پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

گلگت بلتستان کی عوام کے مطالبات کو فوری منظور کرنے کے سوا حکومت کے پاس اور کوئی چارہ نہیں ہے، علامہ راجہ ناصرعباس

شیعہ نیوز: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گندم سبسڈی ختم کرنے کے خلاف ستائیس روز سے جاری دھرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی عوام کے مطالبات کو فوری منظور کرنے کے سوا حکومت کے پاس اور کوئی چارہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سر زمین بے آئین کے لیے گندم سبسڈی ختم کرنا بلا جواز ہے، سرد ترین موسم میں وسائل دینے کی بجائے عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھینا جا رہا ہے، صوبائی حکومت سمیت وفاقی حکومت کا معاندانہ رویہ شرمناک ہے، آخر اربابِ اختیار غیر ذمہ دارانہ سلوک اور عدم توجہی سے عوام کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کیا، حامد میر

انہوں نے کہا کہ جی بی میں نام نہاد صوبائی سیٹ اپ مسلسل عوامی امنگوں کے بر خلاف اقدامات اٹھا رہا ہے، گلگت بلتستان کی عوامی حمایت سے محروم موجودہ صوبائی حکومت کے تاخیری حربے اس تحریک کو کمزور نہیں کر سکتے، الٹا خون جما دینے والی سردی میں احتجاج کرنے والوں کا دائرہ کار وسیع ہو گا اور عوام سے منفی ہتھکنڈوں سے پیش آنا شدید نفرت کا باعث بنے گا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پورے ملک کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے، نا صرف سکردو کے عوام اپنے آئینی حقوق کی خاطر سڑکوں پر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں اور ساری اپوزیشن مستعفیٰ ہونے کے لیے اپنے استعفے جمع کر چکی ہے بلکہ پارہ چنار کی مسافر گاڑیوں پر دہشت گردانہ حملوں میں قوم کی بیٹیوں اور بیٹوں کو سڑکوں پر والدین کے سامنے بے دردی سے قتل کیا جاتا ہے، تو کہیں صدائے احتجاج بلند کرتی ہوئی بلوچ بیٹیاں ایک ماہ سے شدید موسم کی سختیاں برداشت کرنے پر مجبور ہیں لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

نو ماہ سے قوم کی بیٹیوں کو ذاتی انا کی تسکین کے لیے پابند سلاسل کیا گیا، عدالتی احکامات کی کھلم کھلا دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، آئین وقانون کو ملک میں بے وقعت کر کے رکھ دیا گیا ہے، یہ روش نہ بدلی گئی تو ابتر ملکی صورت حال وطن عزیز کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button