Uncategorized

علامہ راجہ ناصر عباس 29 ستمبر کو برطانیہ میں وحدت کانفرنس سے خطاب کرینگے

شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین برطانیہ کے مرکزی عہدے داروں کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا۔ مجلس وحدت مسلمین برطانیہ کے سربراہ حجۃ الاسلام مولانا ابرار حسینی نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض ایم ڈبلیو ایم برطانیہ کے نائب صدر سید عامر عباس نقوی نے انجام دیئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 29 ستمبر کو قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی رح کی برسی اور عید میلاد النبیؑ کے موقع پر وحدت کانفرنس منعقد ہو گی، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی چیئرمین حجۃ الاسلام والمسلمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری برطانیہ کے پہلے دورے پر آئیں گے۔ اجلاس کے دوران 29 ستمبر کو منعقد ہونیوالی کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لئے طے پایا کہ برطانیہ بھر کے امام بارگاہوں اور دینی و مذہبی ادارہ جات کے دورہ جات کیے جائیں گے، شیعہ سنی علماء اور نعت خواں حضرات کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

اجلاس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ راہ کربلا پر چلتے ہوئے ہم فلسطینی مظلوموں کی حمایت کرتے ہیں، جنہیں کئی ماہ سے ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ہم پارا چنار پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں اور ظالموں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اسی طرح شرکا نے پاکستان میں بڑھتی مہنگائی اور سیاسی کارکنان و رہنماوں پر ظلم، قید و بند اور چادر و چار دیواری کی پامالی، عام شہریوں کو غائب کیے جانے کو فسطائیت قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس کے شرکا نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سمیت تمام بیگناہ قیدی خواتین،کارکنوں اور مسنگ پرسنز کی جلد بازیابی و رہائی کا مطالبہ کیا۔ اجلاس کا اختتام دعا امام زمانہ عج سے ہوا۔ واضح رہے اجلاس میں برطانیہ کے مختلف علاقوں اور شہروں سے تعلق رکھنے والے مجلس وحدت مسلمین کے مسئولین نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button