علامہ راجہ ناصر عباس کی امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر قاتلانہ حملے کی مذمت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ژوب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر خود کش حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے اور حملے میں زخمی ہونے والے جماعت اسلامی کے کارکنان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔
اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے، بدقسمتی سے ملک میں اس وقت دہشت گرد آزاد اور نہتی عوام سے دہشت گردوں والا سلوک کیا جا رہا ہے۔ ملک کو سیاسی ،معاشی اور امن و امان کے چیلنجز کا سامنا ہے، بزدلانہ کارروائی میں ملوث دہشت گرد اور ان کی پشت پناہی کرنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں قانون و انصاف کی بجائے طاقت کی حکمرانی ہے۔علامہ صادق جعفری
انہوں نے کہا کہ اس دہشت گردانہ کارروائی میں پاک ایران سربراہان مملکت کی حالیہ ملاقات کے تناظر میں بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جائے اور تمام تر منصوبہ سازوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ ملکی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ آئین وقانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے، سیاسی و انتقامی کارروائیاں ملکی سالمیت کے لیے کسی صورت مناسب نہیں۔ پرامن سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی سرگرمیوں پر خود کش حملے ملک کو افراتفری میں دھکیلنے کی سازش ہے۔