
کشمیری عوام اور قیادت کو طاقتور بنانا ہی مسئلے کا راہ حل ہے
کشمیر کے مظلوم عوام اور قیادت کو عزت احترام کیساتھ طاقت ور بنانا ہی اس مسئلے کا واحد راہ حل ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے منعقدہ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے مظلوم عوام اور قیادت کو عزت احترام کیساتھ طاقت ور بنانا ہی اس مسئلے کا واحد راہ حل ہے۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر برطانیہ اور امریکہ پر انحصار ہماری عاقبت نااندیشی کی دلیل ہے ہمیں دنیا کی غاصب،بددیانت اور ظالم قوتوں سے مسئلہ کشمیر حل کرنے کی اپیل کرنے کی بجائے اقوام عالم میں ہر باضمیر کے دروازے پر اس مسئلے کو لے جانا ہو گا کشمیریوں کے گھروں پر غاصب افواج قابض ہے مزاحمت کرنا ان کا قانونی اور انسانی حق ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ ہم کشمیریوں کی تحریک آزادی کو مضبوط بنائیں اور ان کو اس قابل کریں کہ وہ خود غاصب اور ظالم انڈین افواج، اسٹبلشمنٹ اور آر ایس ایس کا مقابلہ کرسکیں وہ اپنے فیصلے خود کر سکیں ہمیں ان پر قیادتیں اور فیصلے مسلط کرنے کی روش ترک کرنا ہو گی ۔
سربراہ مجلس وحدت نے کہا کہ ہمیں دیکھنا ہو گا کہ کیا امریکہ اور برطانیہ کے مفاد میں ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کریں ؟ جبکہ دنیا نے دیکھا ہے کہ جب بھی کسی مسئلے میں امریکہ اور برطانیہ ثالث بنے انہوں نے ظالموں کا ساتھ دیا ہے ۔ ہمیں عالمی رائے عامہ کو کشمیر کے حق میں کرنے کی کوشش کرنا ہو گی،کشمیر کے مظلوم عوام اور قیادت کو عزت احترام کیساتھ طاقت ور بنانا ہی اس مسئلے کا واحد راہ حل ہے۔