
علامہ راجہ ناصر عباس کا برفانی تودوں سے جانی نقصان پر اظہار افسوس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے آزادکشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور برفانی تودوں کی تباہی کے نتیجے میں سو سے زائد افراد کی ناگہانی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وادی نیلم میں برفانی تودوں کی تباہی بلاشبہ ایک المناک سانحہ ہے۔ قیمتی جانوں کا ضیاع ایسا نقصان ہے جس کی تلافی کسی بھی طور ممکن نہیں۔اس حادثے میں زخمی اور زندہ رہ جانے والے افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے حکام بالا کی ذاتی توجہ درکار ہے جس پوری دیانتداری کے ساتھ سرانجام دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں متاثرہ خاندانوں کی بھرپور مدد کریں اور درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے مرکز سے بھی رابطے میں رہیں۔
انہوں نے کہا کہ مومن کے لیے ناگہانی آفات قدرت کی آزمائش ہے جن کا صبر و رضا سے مقابلہ کرنا ہو گا۔ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔