پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کی آزادی کے لئے قربانی دینے کو تیار ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
بھارت کا غرور انشااللہ خاک میں مل جائیگا اور کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ ناصر عباس جعفری نے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کےخلاف بروز جمعہ ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق علامہ ناصر عباس جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بروز جمعہ ملک کے کونے کونے سے اپنے مظلوم نہتے کشمیری بھائیوں کے لئے صدائے احتجاج بلند کی جائے گی۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گئے پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کی آزادی کے لئے قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔
بھارت کی جموں و کشمیر ، لداخ میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش خطے کو بدامنی میں دھکیل دے گی ، عالمی برادی اس کشیدہ صورت حال پر نوٹس لے ۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اسرائیل کی ڈگر پر چل رہا ہے لیکن اسے یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ اسرئیل تمام تر مظالم اور کوششوں کے باوجود نہتے فلسطیوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکے، قابض بھارتی افواج جس قدر کشمیر میں مظالم کو تیز کررہی ہیں جدوجہد آزدی کی تحریک اسی قدر منزل سے قریب تر ہوتی چلی جارہی ہے ۔ ہماری وزرت خارجہ کو موجودہ صورتحال کے پیش نظرمسئلہ کشمیر اور بھارتی مظالم کےخلاف آگاہی کے لئے سفارتی سطح پر ایمرجنسی بنیادوں پر بھرپور انداز میں فعال کردار ادا کرنا ہو گا ۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ حکومت پاکستان کسی دباؤ کے بغیر مسئلہ کشمیر پر عوام کو اعتماد میں لے، عوام حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ایک جسد واحد کی مانند کھڑی ہو گی ۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ،اور او آئی سی کو اس نازک صورتحا ل پر موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف کشمیر کی عوام کے امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے ۔کشمیر ی عوام اس مسئلے کا سب سے اہم فریق ہیں ۔ مودی سرکار کے اقدامات اور عزائم خطے میں جنگی صورت حال پیدا کررہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ آپ تنہا نہیں ہیں ہم اس جدو جہد میں آپ کے شانہ بشانہ ہیں اور کشمیری بھائیوں کی آزادی کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے پوری قوم تیار ہے،بھارت کا غرور انشااللہ خاک میں مل جائیگا اور کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔