خاتم الانبیاء سیدالمرسلین کائنات کی معزز ترین شخصیت ہیں، علامہ ریاض نجفی
شیعہ نیوز:وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ ہم مسلمانوں کے لیے باعث فخر بات ہے کہ ہمارے نبی خاتم الانبیاء اور سیدالمرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کائنات کی معزز ترین شخصیت ہیں مگر افسوس رحلت پیغمبر کے بعد ہمارا راستہ تبدیل ہو گیا اور مسلمان تقسیم ہو گئے۔ انہوں نے کہا اسلام آخری دین ہے جس کا پہلا درس اقراء یعنی علم ہے، تا کہ انسان آسمانوں اور زمینوں کا تصرف کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن آخری کلام الٰہی ہے جس میں ہر خشک و تر کا ذکر ہے۔ حیرت ہے کہ ہم چوبیس گھنٹوں میں سے پانچ منٹ بھی قرآن کو نہیں دیتے۔ قرآن مجید 23 سال میں نازل ہوا۔ اس میں صرف 6 فیصد آیات مشکل ہیں، باقی پورا قرآن آسان ہے۔ مشکل آیات کریمہ کو سمجھنے کے لئے، عترت اہل بیتؑ کی شکل میں استاد موجود ہیں۔
جامع علی مسجد جامعہ المنتظر ماڈل ٹاون میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے مسلمانوں کے لیے قرآن اور اہلبیت رسول، رہبر اور قائد ہیں۔ انہوں نے کہا چند دنوں کیلئے وحی الٰہی کا سلسلہ منقطع ہوا تو باتیں بنائی گئیں کہ وحی لانے والا فرشتہ روٹھ گیا ہے، لیکن جب وحی دوبارہ آئی تو اللہ تعالی ٰنے رسول خدا سے فرمایا! تیرا پروردگار تجھے تنہا نہیں چھوڑے گا، اور اتنا عطا کرے گا کہ تو راضی ہو جائے گا۔