
شہید علامہ حسن ترابی کی 19 ویں برسی پر علامہ ساجد علی نقوی کا پیغام
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے ایک بار پھر شہید علامہ حسن ترابی کے خانوادے اور عقیدت مندوں سے دلی تعزیت اور شہید کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ علامہ حسن ترابی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان اہداف و مقاصد کی تکمیل کی جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے جن کے لئے شہید نے اپنی زندگی وقف کررکھی تھی
شیعہ نیوز: علامہ سید ساجد علی نقوی نے ممتاز عالم دین‘ تحریک کے سابق صوبائی صدر اور متحدہ مجلس عمل کے صوبائی رہنما علامہ حسن ترابی شہید کی 19 ویں برسی کے موقع پر ان کی قومی و ملی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی شخصیت کے اپنے نظریے یا مشن کے ساتھ وابستگی کے مختلف مدارج اور عملی کام کے مختلف انداز ہوتے ہیں جن کے ذریعے ان کی شخصیت دوسروں پر ظاہر ہوتی ہے۔ تاریخ اور تجربہ شاہد ہے کہ اپنے نظریے اور مشن کے ساتھ راسخ لوگ ہی اعلی مرتبے اور ارفع درجے پر فائز ہوتے ہیں۔ وہ دنیا اور آخرت دونوں ہی میں سرخرو اور سرفراز ہوتے ہیں۔ مکتب اہل بیت ؑ کی پوری تاریخ شہادتوں اور قربانیوں سے عبارت ہے۔
علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا ہے کہ بدقسمتی سے ایک مدت سے ارض پاک معصوموں اور بے گناہوں کے خون ناحق سے رنگین نظر آئی۔سامراجی قوتوں کی آنکھ کو کانٹا قائدین ملت ہوں یا دین مبین اسلام کی ترویج و اشاعت میں مشغول علماءکرام ہوں‘ اتحاد و وحدت کے فروغ میں مصروف عمل اکابرین وسماجی شخصیات ہوں یا ملک کے قانون و امن پسند عام شہری‘ کبھی تو انہیں حالت نماز میں گولیوں کا نشانہ بنادیا گیا‘ کبھی نواسہ پیغمبر اکرم کی عزاداری و ماتم داری کے مراسم کے دوران اور کبھی حالت مسافرت میں بسوں سے اتار کرشناخت کرکے انہیں اپنے ہی خون میں نہلادیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے شہید ہونے والے 12 سائنسدانوں نے 100 نئے سائنسدان بنائے، عباس عراقچی
علامہ ساجد نقوی نے یہ بھی کہا کہ ریاست کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ گذشتہ چار دہائیوں میں ملک کے طول و عرض میں ہونے والے سانحات جن میں مساجد‘ مدارس‘ امام بارگاہوں‘ عزاداری کے جلوسوں‘ مجالس‘ مزارات اور عوامی مقامات کو نشانہ بنایاگیا ان سانحات کے پس پردہ محرکات کو منظر عام پر لاکر قاتلوں اور دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکانے اور قاتلوں کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو کیفرار کردار تک پہنچانے میں تاخیر نہ کرے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کا اعادہ نہ ہو اور ملکی سا لمیت اور قومی وحدت کے لئے کام کرنے والی شخصیات دہشت گردی کی بھینٹ نہ چڑھیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے ایک بار پھر شہید علامہ حسن ترابی کے خانوادے اور عقیدت مندوں سے دلی تعزیت اور شہید کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ علامہ حسن ترابی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان اہداف و مقاصد کی تکمیل کی جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے جن کے لئے شہید نے اپنی زندگی وقف کررکھی تھی۔