علامہ ساجد نقوی کا ڈی آئی خان دھماکے اور کراچی واقعے پر اظہار افسوس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری اور حکومت کا فرض ہے، کراچی میں زہریلی گیس اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق افراد پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہیں، ایک مرتبہ پھر ملک دشمن عناصر کا سر اٹھانا انتہائی تشویشناک ہے، تمام واقعات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ کراچی تجارتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے۔ کیوں لوگوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے پیشگی اقدامات نہ کئے گئے۔ ماحول دوستی کو یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری تھی، کسی مبینہ زہریلی گیس کے ذریعے ایک درجن سے زائد افراد کا موت کے منہ میں چلا جانا جہاں انتہائی تشویشناک ہے، وہیں تجارتی لحاظ سے بھی ایک بڑا نقصان کا موجب بن سکتا ہے، اس معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرکے حقائق منظر عام پر لائے جائیں۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونیوالے دہشت گردی کے حملوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک عرصہ بعد دوبارہ دہشت گردی کا سر اٹھانا انتہائی تشویشناک ہے، ایسے موقع پر جب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے تھے، دہشت گردی کا واقعہ ہونا انتہائی تشویشناک ہے، ملک دشمن اور انسانیت دشمن عناصر ایک مرتبہ پھر سر اٹھا رہے ہیں جو ملک میں امن کی فضا کو خراب کرنا چاہتے ہیں، اس حوالے سے ذمہ داران کو مزید سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام سانحات میں پولیس اہلکاروں اور دیگر جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اظہار تعزیت بھی کیا۔