جنت البقیع کی از سر نو شایان شان تعمیر کی جائے، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز:شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ جنت البقیع ہمیں رسول خدا، ان کی آل پاکؑ اور اصحاب باوفا کیساتھ عقیدت اور وابستگی کے اسباب فراہم کرتا ہے، لیکن گزشتہ عرصے سے جنت البقیع اور جنت المعلی غم، حزن اور ملال کی عملی تصویر پیش کر رہے ہیں اور مسلمانوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔ 8 شوال المکرم یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اکثر مسلمان شعائر اللہ اور خاصان خدا سے منسوب مقامات کے احترام کیساتھ ساتھ ان کی شایان شان تعمیر بھی درست سمجھتے ہیں تاکہ آنیوالی نسلیں بھی شعائر اللہ اور خاصان خدا کی ذوات کیساتھ اپنی وابستگی اور عقیدت کا اظہار کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ خاندان رسالت کی برگزیدہ شخصیات بالخصوص دختر پیغمبر اکرم حضرت فاطمہ زہرا ؑ کے 1924-25ء سے بے روشنی و بے سایہ مزارات طویل مدت سے امت مسلمہ کی اکثریت کے دل کی چبھن بنے ہوئے ہیں اور اسلام کے اس تاریخی ورثے اور اثاثے کی موجودہ حالت اور انیسویں اور بیسویں صدی میں دو بار اس کا انہدام ان کیلئے رنج کا باعث بنی ہوئی ہے، لہٰذا اختلاف نظر کے باوجود حکمت، دانش اور وقت کی ضرورت کا تقاضا یہ ہے کہ دختر پیغمبر گرامی، اہلبیت ؑ رسول اور دیگر محترم ہستیوں کے مزارات اور قبور کی از سر نو شایان شان تعمیر کی جائے تاکہ مسلم عوام کے جذبات کی تسکین ہو اور جنت البقیع کی صورت میں تہذیبی آثار اور ثقافتی ورثے کی حفاظت کو یقینی بناکر مسلمانوں کی یکجہتی اور اتحاد کو مضبوط بنایا جائے۔
علامہ ساجد علی نقوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جنت البقیع چونکہ عالم اسلام کا مشترکہ سرمایہ ہے اور جنت البقیع کی تعمیر اور حرمت و تقدس کا لحاظ رکھنے کا مطالبہ ایک عرصہ سے اسلامی دنیا کی اکثریت کی طرف سے تسلسل کیساتھ ہو رہا ہے اس لئے جنت البقیع کی از سر نو تعمیر کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے اور مسلمانوں کے دلوں میں موجود خلش کا مداوا کیا جائے۔