افغانستان میں امن و استحکام کے لئے یو این چارٹر کے مطابق اقدامات کئے جائیں
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) علامہ سید ساجد علی نقوی نے افغانستان میں پے درپے دہشتگردی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ایک مرتبہ پھر خطے خصوصاً افغانستان میں آگ و خون کا کھیل کھیلنے کی سازش کی جارہی ہے مگر جو قوتیں بھی اپنے مذموم مقاصد کےلئے ایسے قبیح فعل کی مرتکب ہورہی ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہونگی۔
علامہ ساجد نقوی نے شہداءکے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ ہمسائیہ ملک کے عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے قندھار میں نماز جمعہ کے دوران ہونیوالے دہشت گردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ انسانیت دشمن قوتیں ایک مرتبہ پھر اپنے مذموم مقاصد کےلئے بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنارہی ہیں اور خطے میں عدم استحکام کے ساتھ افغانستان میں کشیدگی بڑھا کر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتی ہیںلیکن جو قوتیں ایسا گھناﺅنے فعل کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں ان انسانیت دشمن قوتوں کو کبھی کامیابی نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہاکہ حالیہ پے درپے ہونے والے واقعات میں کسی قسم کا مسلکی یا فروعی اختلاف کا شاخسانہ نہیں بلکہ یہ کھلی دہشت گردی اور ہمسائیہ ملک کے امن و استحکام کو اپنے مذموم مقاصد کےلئے استعمال کرنے کی گھناﺅنی سازش ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے شہداءکے خانوادوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ غم کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم اپنے غمگین ہمسائیہ ملک کی قوم کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ افغانستان میں امن و استحکام سے پاکستان سمیت خطے میں امن و استحکام آئےگا اور اس حوالے سے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اقدامات اٹھاناضروری ہیں۔