متنازعہ توہین صحابہ بل، علامہ سبطین سبزواری کی سید حسن مرتضی سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) متنازعہ توہین صحابہ بل (فوجداری ترمیمی بل) کے حوالے سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں قاسم علی قاسمی، صغیر عباس ورک اور احسن رضوی بھی شامل تھے۔
علامہ سبطین حیدر سبزواری نے ملکی سیاسی صورتحال خاص طور پر متنازع فوجداری ترمیمی بل پر ملت جعفریہ میں پائی جانیوالی تشویش سے پیپلز پارٹی کے رہنماء کو آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ متنازع بل خدانخواستہ سینیٹ سے پاس ہوگیا تو قوم کی تقسیم میں ضیاء الحق کی مارشل لاء سے بھی زیادہ زہریلے اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت تک ملت جعفریہ میں پائی جانیوالی تشویش کو پہنچایا جائے۔
یہ خبر بھی پڑھیں مجلس وحدت مسلمین کا تحفظ حقوق تشیع کانفرنس کا اعلان
شیعہ علماء کونسل کے رہنماء نے واضح کیا کہ متنازع فوجداری ترمیمی بل قرآن و سنت اور آئینِ پاکستان کیخلاف ہے۔ غیر اسلامی بل قوم میں انتشار پیدا کرنے کی شیطانی سازش ہے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اسے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ یہ بل کالعدم بازاری تکفیری دہشت گرد گروہ کی طرف سے پیش کیا گیا ہے۔ ملکی استحکام اور بقاء کے خلاف اور قوم میں تفریق پیدا کرنے کی اس کوشش کو ناکام بنانا تمام محب وطن قومی سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔
سید حسن مرتضیٰ نے یقین دہانی کروائی کہ وہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو حالات سے آگاہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کیخلاف کوئی قانون سازی نہیں کی جا سکتی۔ پاکستان میں بسنے والے تمام طبقات کو مذہبی آزادی حاصل ہے، کوئی ایسی قانون سازی نہیں ہونی چاہیئے، جس سے کسی بھی مکتبہ فکر کے حقوق کی پائمالی کا اندیشہ ہو۔