اسلام ہر دور کے انسان کی رہنمائی اور قیادت کرتا رہے گا، علامہ علی رضا رضوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) معروف خطیب اہلبیتؑ علامہ سید علی رضا رضوی نے کہا ہے کہ دین کا مخاطب مسلمان نہیں انسان ہے لہٰذا دین اسلام کا دامن اس قدر وسیع اور گہرائی و گیرائی پر محیط ہے، جس کے ذریعہ ہر طرح کے انسانی نقائص و عیوب کا تدارک ممکن ہے۔
امام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی سوسائٹی کراچی میں عشرہ محرم الحرام کی پہلی مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ علی رضا رضوی نے کہا کہ دین کی آمد کا ایک دوسرا پہلو یہ بھی ہے کہ انسانیت کو ایک مرکز پر جمع کیا جائے، جبکہ اختلافات و انحرافات اور رنگ و نسل کے بت توڑ کر تنگ فکری و جمود کا قلع قمع کیا جائے، تاکہ معاشروں میں سماجی انصاف قائم ہو سکے، حقوق کی یکساں فراہمی ممکن ہو اور انسانوں کو عدل کا خوگر بنایا جا سکے۔
یہ خبر بھی پڑھیں زمین سے عرش تک غم حسینؑ کا موسم چھا چکا ہے، علامہ شہنشاہ نقوی
علامہ علی رضا رضوی نے کہا کہ آسمانی ادیان کی آمد کا مقصد انسان کے معیار زندگی کو بلند اور نقائص و عیوب کو برطرف کرنا ہے، جبکہ اسلام تمام آسمانی ادیان میں خداوندِ متعال کا پسندیدہ ترین دین ہے، جسے اس نے اپنے محبوب ترین بندے خاتم الانبیاء حضرتِ محمد مصطفٰی (ص) پر نازل فرمایا، جس کا مقصد انسانوں کے انفرادی و اجتماعی امور کو منظم کرنا اور اخلاقی و روحانی و معاشی پہلوؤں کو تقوت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خداوندِ متعال کے مشخص کردہ قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے پیغمبرؐ گرامی قدر نے دین کی اشاعت تبلیغ اور دعوت کی بنیاد حکمت و دانائی کو قرار دیا اور اپنے عمل و کردار شعور و منطق پر مبنی ایسا انتظام فرمایا کہ دین اسلام ہر دور کے انسان کی فکری شعوری نظریاتی رہنمائی اور قیادت کرتا رہے گا۔