علامہ طالب جوہری اور امام موسیٰ کاظم ؑ سے توسل کا واقعہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) علامہ طالب جوہری مرحوم امام موسیٰ کاظم سے توسل اور امداد کا ایک واقعہ بیان کرتے ہیں۔
ابن تیمیہ نامی ناصبی امام موسیٰ کاظم ؑ کی ایک حدیث کامذاق اڑاتے ہوئے کہتا ہے کہ انکے امام فرماتے ہیں کہ ہفتے میں 35 نمازیں واجب ہیں۔ بھلا یہ بھی کوئی بتانے کی بات ہے جو شیعوں کے امام بتارہے ہیں۔ اگر ایک دن میں پانچ نمازیں واجب ہونگی تو کیا ہفتے میں 35 نمازیں واجب نہیں ہونگی؟
علامہ طالب جوہری اعلی اللہ مقامہ فرماتے ہیں کہ میں اس حدیث کو پڑھ کر سوچتا تھا کہ اس حدیث کو بیان فرمانے میں امامؑ کی کوئی نہ کوئی مصلحت ضرور ہے لیکن وہ مصلحت کیا ہے؟ میں نے بہت کوشش کی کہ جان سکوں لیکن سب بے سود رہا۔
پھر فرماتے ہیں کہ اپنے طالب علمی کے زمانے میں نجف میں آیت اللہ محسن الحکیم اعلی اللہ مقامہ کے دروس میں شرکت کرتا تھا۔آیت اللہ محسن الحکیم اعلی اللہ مقامہ نے شرعی مسائل کیلیئے ایک استفتا ءکا پینل بنایا ہوا تھا۔ جیسا کہ آج بھی مراجع استفتا ءکا پینل بناتے ہیں جس میں کچھ علماء عوام کے سوالات کا جواب دیتے ہیں۔ (آج ہم جو ایمیل وغیرہ پر سوال پوچھتے ہیں انکے جوابات بھی یہ پینل ہی دیتا ہے) چنانچہ جب یہ پینل سولات کے جوابات دینے کیلیئے بیٹھتا تو میں بھی ان کے ساتھ بیٹھ جاتا اور ساری کاروائی دیکھا کرتا۔
یہ بھی پڑھیں شہید Edoardo Agnelli (مہدی)کون تھا؟ جس کی پیشانی پر امام خمینی ؒنے بوسہ دیا
علامہ طالب جوہری اعلی اللہ مقامہ بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ کسی کا سوال آیا جو کچھ پیچیدہ تھا، پینل نے کافی سوچ بچار کے بعد جواب لکھ دیا اور اسے کنفرم کروانے کیلیئے آیت اللہ محسن الحکیم اعلی اللہ مقامہ کا انتظار کرنے لگے۔ جب میں نے وہ سوال پوچھا تو وہ کچھ اسطرح تھا:
سوال: میں اپنے وطن میں نماز فجر پڑھنے کے بعد سفر پر روانہ ہوا، جہاز سے اترتے ہی جس ملک میں پہنچا، اُس میں ابھی نماز فجر کا وقت داخل ہوا تھا۔ گویا میرے پہنچتے ہی وہاں نماز فجر کا وقت ہوگیا۔ کیا اب مجھ پر دوبارہ نماز فجر واجب ہے یا نہیں؟ کیا مجھے دوبارہ نماز پڑھنا ضروری ہے یا وہ نماز جو میں اپنے وطن میں پڑھ چکا ہوں کافی ہے؟
یہ سوال اس دور میں اپنی نوعیت کا منفرد سوال تھا لہٰذا استفتا ءکا پینل بھی کچھ پریشان ہوگیا لیکن بہرحال سب نے متفقہ طور پہ یہ لکھا کہ جی ہاں آپ کو نماز پڑھنا ضروری ہے کیونکہ نماز کا وقت داخل ہوتے ہی آپ پر نماز واجب ہوگئی ہے۔
آیت اللہ محسن الحکیم اعلی اللہ مقامہ سے جب اس سوال و جواب کو چیک کروایا گیا تو آپ نے اپنے ہاتھ سے جواب لکھا کہ:نہیں، جو نماز آپ پڑھ چکے ہیں وہ کافی ہے، دوبارہ پڑھنا ضروری نہیں۔استفتا ء کے پینل نے حیران و پریشان ہوکر پوچھا کہ ایسا کیوں ہے؟ تو آیت اللہ محسن الحکیم اعلی اللہ مقامہ نے فرمایا:کیونکہ میرے امامؑ نے فرمایا ہے کہ ہفتے میں 35 نمازیں واجب ہیں!
علامہ طالب جوہری اعلی اللہ مقامہ فرماتے ہیں اس وقت میں اُٹھا اور کاظمین کی طرف رُخ کرکے کہا السلام علیک یا موسی ابن جعفرؑ!! مولا مجھے میرے سوال کا جواب مل گیا۔
التماس سورہ فاتحہ برائے آیت اللہ محسن الحکیم اعلی اللہ مقامہ و علامہ طالب جوہری اعلی اللہ مقامہ۔