آئی ایس او کے سابقین کا مجلس وحدت کے بنانے میں اہم کردار ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادارہ)امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجانی کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان اپنے موجود سکوپ کے پیش نظر براہ راست پاکستان کی پارلیمانی سیاست میں حصہ نہیں لیتی اور نہ ہی اس کے کارکنان الیکشن کمپیینز میں حصہ لیتے ہیں لیکن آئی ایس او پاکستان اپنے دستور اور نظریاتی خط کے مطابق پاکستان میں عدل اجتماعی، الہی نظام کی بالادستی اور سامراجی قوتوں کے نفوذ کو روکنے کا ایجنڈہ رکھنے والی قوتوں کیساتھ بھرپور تعاون اور ہمکاری پر یقین رکھتی ہے۔ عارف حسین الجانی نے گلگت بلتستان کے حالیہ الیکشن کے حوالے سے کہا کہ آئی ایس او کے کارکنان انفرادی طور پر صالح اور دیندار امیدواروں کو سپورٹ کرتی ہے اور مجلس وحدت مسلمین انہی عظیم الہی اہدافات کیلئے بنائی جانیوالی تنظیم ہے جو ملی مسائل کیساتھ ساتھ سامراجی قوتوں کے سامنے بھی سینہ سپر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کے سابقین کا مجلس وحدت کے بنانے میں علماء کے شانہ بشانہ کردار ہے، اسی طرح میدان عمل میں دونوں تنظیمیں اپنے اپنے دائرہ کار اور نفوذ کے مطابق مصروف عمل ہیں اور اجتماعی عمل میں ایک دوسرے کی بھرپور معاون ہیں۔ آئی ایس او کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ سیاسی میدان کو کبھی خالی نہیں چھوڑنا چاہیئے، اس میں جو بھی دردمند امیدوار ہیں اور سامراجی قوتوں کیخلاف سینہ سپر ہیں آئی ایس او کے کارکنان اُن کو سپورٹ کریں گے۔