دنیا

امریکہ دنیا میں عدم استحکام کا باعث بننے والا ملک ہے۔ چین

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) چین نے دنیا میں عدم استحکام کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیتے ہوئے ٹرمپ کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے شہر ناگویا میں ابھرتی ہوئی اور ترقی یافتہ اقتصادیات کے حامل ممالک کے گروپ جی-20 کے وزرائے خارجہ کے دو روزہ اجلاس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنے خطاب میں امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کی۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ امریکہ دنیا بھر میں عدم استحکام کا باعث بننے والا ملک ہے، امریکی حکام اور سیاست دان چین کے خلاف بے بنیاد اور نفرت آمیز مہم چلانے میں مصروف ہیں، اس کے باوجود چین خطے میں استحکام کی خاطر امریکہ سے تجارتی معاہدوں کی بحالی کا خواہش مند ہے۔

چین کے وزیر خارجہ نے چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی اختلافات کو حل کرنے کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین کے مذاکرات میں پہل کرنے کو امریکی بالادستی تسلیم کرنے سے نہ جوڑا جائے۔ دونوں ممالک تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

یاد رہے کہ جمعے کے روز چین کے صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں سابق امریکی اہلکاروں اور غیر ملکی مہمانوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کے خواہ ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ چین، امریکہ سے خوف زدہ ہے۔ جنگی صورت حال برقرار رہی تو جوابی اقدامات بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دور صدارت کے آغاز سے ہی چین کی درآمدی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کر دی تھیں جس کے بعد چین نے بھی اسی طرح کا اقدام کیا تب سے دونوں ممالک ایک دوسرے پر محصولات کی گولہ باری میں مصروف ہیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button