غزہ میں ہونے والے جنگی جرائم میں امریکہ بھی ملوث ہے، اردوغان
شیعہ نیوز: ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی انتظامیہ غزہ میں اسرائیلی جنگی جرائم اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں نیٹو سربراہی اجلاس کے دوران نیوز ویک کے ساتھ ایک انٹرویو میں اردوغان نے فلسطینی شہریوں کے “وحشیانہ قتل” اور اسپتالوں، امدادی مراکز اور دیگر جگہوں پر اس کے حملوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کرتی ہے اور اسرائیل کو سب سے زیادہ مدد فراہم کرتی ہے، ایسا کرنے کی وجہ جرم میں ساتھ دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ابھرتی معیشتوں پر امریکی دباؤ کو کم کرنے کے لئے ڈالر کی اجارہ داری ختم کرنا ہوگا
انہوں نے کہا کہ ایسا موڑ آگیا ہے جس میں دنیا اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والا ملک قرار دے رہی ہے مگر اس کے جواب میں ابھی تک کوئی پابندی لگی اور نہ ہی کسی نے جارحیت روکنے کیلیے کوئی اقدامات کیے۔
دوسری جانب اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات کو مسلسل مسترد کیا ہے اور جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے۔
اُدھر ترکی نے متعدد بار غزہ پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کی ہے، اسرائیل کی پشت پناہی کرنے پر مغربی ممالک کو تنقید کا نشانہ بنایا اور بین الاقوامی عدالتوں سے اسرائیل کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔