
امریکہ، اسلامی فکر کے خلاف برسرِ پیکار ہیں، امام جمعہ مشہد
شیعہ نیوز: امام جمعہ مشہد آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ نے حسینیہ دفترِ نمایندہ ولی فقیہ خراسان رضوی میں اٹھارہویں درسِ تفسیرِ قرآن کریم میں سورہ حج کی آیت نمبر 40 کی تفسیر بیان کی۔
انہوں نے آیت "الَّذِینَ أُخْرِجُوا مِنْ دِیَارِهِمْ بِغَیْرِ حَقٍّ… وَلَیَنْصُرَنَّ اللَّهُ مَنْ یَنْصُرُهُ إِنَّ اللَّهَ لَقَوِیٌّ عَزِیزٌ” کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس آیت کا پہلا نکتہ یہ ہے کہ جو خدا کی مدد کرتا ہے، خدا بھی اس کی مدد کرتا ہے۔
امام جمعہ مشہد نے کہا کہ جب کوئی دینِ خدا کی مدد کے لیے میدان میں آتا ہے اور مستکبرین کے ظلم سے بندگانِ خدا کو نجات دلانے کی کوشش کرتا ہے تو خدا اس کی مدد کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں قابض اسرائیلی فوج کی دہشت گردی، سرکردہ قومی رہنما جبر عمار قاتلانہ حملے میں شہید
انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج دنیا میں اسلام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور تاریخِ اسلام میں پہلی بار نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارک پر اس طرح حملے ہو رہے ہیں۔
حوزہ علمیہ خراسان کی اعلیٰ کونسل کے رکن نے کہا کہ دنیا کی تمام طاقتیں، خاص طور پر امریکہ، اسلامی فکر کے خلاف برسرِ پیکار ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ دنیا کے دیگر ممالک اسرائیل کے مظالم کے خلاف کیوں خاموش ہیں؟ اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب اسلام کو ختم کرنے کے امریکی منصوبے میں شریک ہیں۔