امریکہ ہمارا نمبر ون دشمن ہے، امریکہ پھر کوئٹہ مانگ رہا ہے، مخدوم جاوید ہاشمی
شیعہ نیوز: سینیئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے انتخابات آجکل موضوع بحث بنے ہوئے ہیں، 8 فروری پر پوری دنیا کی نظریں لگی ہوئی ہیں، دنیا میں ہمارے دوست اور دشمن دنوں کی نظریں 8 فروری پر لگی ہیں، ضیا الحق دنیا سے چلے گئے مگر انتخابات انہوں نے نہیں کروائے، میں سمجھتا ہوں 8 فروری کو الیکشن ہو ہی نہیں رہے، جو میں نے ضیاالحق سے سیکھا وہی منظر میری آنکھوں کے سامنے آ رہا ہے، انتخابات نا کروانے کا اسٹیبلشمنٹ کا تجربہ صیح ہے، میں نے الیکشن ہر کروڑوں روپے نہیں لگانا نا میرے پاس پیسہ ہے، میں بغیر پیسوں کے حلقے کی عوام کے سامنے جھولی پھیلاوں گا، عامر ڈوگر کے والد بھی میرے خلاف الیکشن لڑے میں بڑی لیڈ سے جیتا، عامر ڈوگر میرے مقابلے میں صرف 18 ہزار ووٹ لے سکے تھے، تیسری بار فری الیکشن نہیں تھا ن لیگ کے لوگوں نے بھی مجھے ہرانے میں ساتھ دیا تھا۔
مخدوم جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ سب سے بڑی جماعت کو نکال کر رکھ دیا گیا ہے، جاوید ہاشمی ایک آدمی کو ہرایا تھا اب پوری قوم کو ہرایا جا رہا ہے، تحریک انصاف کا اب نشان نہیں رہا ایک طرح سے وہ کالعدم قرار دی جا چکی ہے، امیدوار جیت کر بھی خود کو پی ٹی آئی کا نہیں کہ سکتا، اس حلقے نے مجھے عزت دی یے میں انہیں بکنے نہیں دوں گا، میں چینی کی مشینوں میں عوام کو کرش نہیں ہونے دوں گا، جہانگیر ترین نے کبھی اس حلقے کے لیے کام نہیں کیا، جہانگیر ترین ایک الیکشن جیت سکے ہیں وہ بھی جتوایا گیا تھا، جس کے پاس زیادہ شکر ملی ہے اختیار بھی اسی کے پاس ہے، ہم تو جینے، مرنے، شادی، غمی میں بھی لوگوں میں جاتے ہیں، میں یقین دلاتا ہوں میں مقابلہ کروں گا، جہانگیر ترین کا ملتان سے کیا تعلق ہے یہ تو باہر کے لوگ ہیں، مجھے معلوم تھا مسلم لیگ ن نے اس سیٹ کو قربان کر دیا ہے، شیخ طارق رشید کو لڑنے دیتے، الیکشن کے نتائج آج بتا دیتا ہوں 30 سے 35 فیصد سیٹیں ن لیگ کی ہوں گی، 20 فیصد تک سیٹیں پیپلزپارٹی کی ہوں گی باقی آزاد ہوں گے۔
مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار نہیں ہوگا، اگر یہ نتائج نا ہوں تو میرا نام بدل دینا، محسن نقوی جتنی بھاگ دوڑ کر رہے ہیں حق بنتا ہے انہیں وزیراعظم بنا دیں، عمران خان کو بند کردیا ہے جو اپنے مقدم بھگت رہا ہوگا، عمران خان کو سمجھایا تھا کہ جو سلوک نوازشریف کے ساتھ ہو رہا ہے وہی تمھارے ساتھ ہوگا، کبھی بھی لوگوں کی مرضی کی حکومت انہیں نہیں دی گئی، میرا اندازہ تھا کہ الیکشن ڈے پر وہ کسی کو آگے آنے نہیں دیں گے مگر ان کی روح کھینچ لی گئی ہے، امریکہ ہمارا نمبر ون دشمن ہے پاکستان کو ختم کرنا ان کے فیور میں نہیں ہے، امریکہ پھر کوئٹہ مانگ رہا ہے، عمران خان مجھے اچھا لگتا ہو یا نا ہو مگر پوری قوم اسے لیڈر تسلیم کر چکی ہے، ان انتخابات کو کوئی مانے گا بھی نہیں قوم بھی قبول نہیں کرے گی، نوازشریف سیاست دان نہیں تھے کاروباری تھے، نواز شریف کو سیاست دان بنایا گیا، جہانگیر ترین بھی کاروباری تھے آج ان کی اپنی جماعت ہے، نوازشریف میرے پاس آتے تھے کہ جہاں آپ جائیں گے اس پارٹی میں ہم جائیں گے۔