مشرق وسطی

امریکہ کا زیر تربیت سعودی فوجیوں کو ملک بدر کرنے کا اعلان

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امریکی ریاست فلوریڈا میں سعودی عرب کے فوجی کے ہاتھوں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد امریکہ نے سعودی عرب کے فوجیوں کو ملک سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی ٹیلی ویژن چینل سی این این کے مطابق، امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے اہل کاروں نے سعودی عرب کی فضائیہ کے افسران کے تربیتی پروگرام پر نظرِ ثانی کی ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ انھیں امریکہ سے نکال دیا جائے۔

گزشتہ برس دسمبر میں امریکہ کے سعودی فوجی تربیتی پروگرام میں شامل محمد الشامرانی نے نیول ایئر اسٹیشن پینساکولا میں فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 3 نیوی اہلکار ہلاک اور 8 افراد زخمی ہوگئے تھے بعد میں حملہ آور بھی پولیس کی فائرنگ سے مارا گیا تھا۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد کی گئی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ایک درجن سے زائد زیر تربیت اہکار محمد الشامرانی کی مدد کرنے کی ملوث نہیں لیکن کچھ افراد کے انتہا پسندوں تنظیموں سےروابط جبکہ کچھ افراد چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث پائے گئے۔

مذکورہ تحقیقات فیڈرل بیورو آف انویسٹگیشن (ایف بی آئی) نے کیں جس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ حملے سے قبل کسی نے حملہ آور کے پریشان کن رویے کے بارے میں نہیں بتایا تھا۔

لیکن امریکی محکہ دفاع کے ایک ترجمان لیفٹیننٹ کرنل رابرٹ کارور نے کہا ہے کہ ’’پینیسکولا کے المیے کے پس منظر میں غیر ملکی فوجی طلبا کے پروگرام پر نظرِ ثانی کی جارہی ہے، اور سعودی عرب کے افسران کی سرگرمیوں کو کلاس روم تک محدود کردیا گیا ہے۔ تربیت کا پروگرام فی الحال معطل ہے۔‘‘

امریکی محکمہ دفاع نے گزشتہ ماہ کی 10 تاریخ کو اعلان کیا تھا کہ پینیسکولا کے واقعے کے بعد وہ سعودی عرب کے زیر تربیت افسران کا تربیتی پروگرام معطل کر رہا ہے۔

سی این این کے مطابق جن افسران کو امریکہ سے نکالا جا رہا ہے ان پر یہ الزام عائد نہیں کیا گیا ہے کہ انھوں نے گولیاں مارنے والے اپنے ساتھی کی معاونت کی تھی۔

حملہ کرنے والا 21 سالہ نوجوان سعودی رائل ایئرفورس میں لیفٹیننٹ تھا اور اس کے پاس قانونی طریقے سے خریدی گئی گلاک 9 ایم ایم ہینڈ گن موجود تھی۔

اس نے فائرنگ کرنے سے قبل ٹوئٹر پر اپنا منشور بھی شائع کیا تھا جس میں امریکہ کو ’’شیطان کی قوم‘‘ کہہ کر مذمت بھی کی تھی۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ایف بی آئی نے محمد الشامرانی کے 2 آئی فونز تک رسائی کے لیے ایپل سے مدد مانگی ہے لیکن کمپنی حکومت کی جانب سے انکرپشن توڑنے کی درخواست پر مزاحمت کررہی ہے۔

ایپل کا کہنا تھا کہ وہ کلاؤڈ اسٹوریج میں متعلقہ ڈیٹا فراہم کر کے پہلے ہی ادارے کی مدد کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ میں غیر ملکی افواج کے 5 ہزار اہلکار زیر تربیت ہیں جس کے تمام شعبوں میں تقریباً 8 سو 50 سعودی اہلکار بھی شامل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button