امریکہ کی اسرائیل اور عربوں میں تعلقات استوار کرانے کی کوششیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی حکومت نے عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان دوستانہ تعلقات استوار کرانے کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔
عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل 13 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکہ نےاسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کےقیام کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں کوششیں تیز کردی ہیں۔
ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق امریکہ ،عرب ملکوں اور اسرائیل کے درمیان ’’عدم جنگ‘‘ کے معاہدے کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ٹی وی چینل کے سیاسی امور کے تجزیہ نگار باراک رابیڈ کا کہنا ہے کہ عرب، اسرائیل اور امریکی ذرائع نے ان خبروں کی تصدیق کی ہے کہ وائٹ ہاؤس عرب ممالک اور تل ابیب کے درمیان تعلقات کےقیام کی کوشش کررہا ہے۔ اس سلسلے میں امریکہ نے متحدہ عرب امارات، بحرین، سلطنت عمان اور مراکش سے رابطے کیے ہیں۔
مسٹر رابیڈ کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں امریکہ عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان ’’عدم جنگ‘‘ کے معاہدے کرانے کی کوشش کررہا ہے۔ اس کے بعد اگلے مرحلے میں تل ابیب کے خطے کے تمام عرب ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کی کوشش کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بہت سے عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان خفیہ روابط موجود ہیں اور تل ابیب کے ساتھ کسی قسم کے معاہدے میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں ہے۔
ٹی وی چینل کے ذرائع کے مطابق گذشتہ ہفتے امریکی قومی سلامتی کی نائب مشیر ویکٹوریا کوٹز نے واشنگٹن میں عرب ممالک کے سفیروں کے ساتھ ملاقات کی اوران کے سامنے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کےقیام اور تل ابیب کے ساتھ عدم جنگ کا معاہدہ کرنے کی تجویز پیش کی۔
عبرانی ٹی وی چینل کے مطابق عرب سفیروں نے امریکی عہدیدار کو یقین دلایا کہ وہ اپنی حکومتوں سے صلاح مشورہ کرکے اس تجویز پر جلد ہی جواب دیں گے۔