
امریکہ کو عراقی عوام کے مطالبہ کا احترام کرنا چاہیے۔ العامری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراق کے دارالحکومت بغداد کی سڑکوں پر سب سے زیادہ حیرت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے ہیں جس میں مرد و خواتین اورجوان لاکھوں کی تعداد میں موجود تھے اور آزادی کے حق میں اور قبضے کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
براثا نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کی سیاسی جماعت فتح اتحاد کے سربراہ ہادی العامری نے عراق میں امریکہ کے خلاف کئی ملین افراد کے مارچ اوران کی طرف سے امریکی فوج کے انخلا کے مطالبے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو عراقی عوام کے مطالبہ کا احترام کرتے ہوئے عراق سے فوری طور پر نکل جانا چاہیے۔
ہادی العامری نے ملین مارچ میں عراقی عوام کی بھر پور اور وسیع شرکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عراقی عوام نے اپنا پیغام امریکہ کو پہنچا دیا ہے اور وہ پیغام یہ ہے کہ عراقی عوام کو اپنے تحفظ کے لئے امریکی فوج کی کوئی ضرورت نہیں، امریکہ کو عراقی عوام کے اس پیغام کا احترام کرنا چاہیے اور عراق سے فوری طور پر اپنے فوجیوں کو نکال لینا چاہیے۔
واضح رہے کہ کل بروز جمعہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں عراق میں امریکی فوج کی موجودگی اور اس کی دہشت گردانہ اور معاندانہ پالیسیوں کے خلاف عراقی عوام نے ملین مارچ میں حصہ لیا ۔ یہ مارچ عراق کی ممتاز شخصیات خاص طور پر ممتازعالم دین مقتدی صدر کی دعوت پر منعقد ہوا۔
عراق کے دارالحکومت بغداد میں ملک کے مختلف شہروں سے کئی لاکھ افراد نے اس مارچ میں حصہ لیا، امریکہ مخالف احتجاج کے شرکاء نے عراق میں امریکہ کی فوجی موجودگی کے مکمل خاتمہ کا مطالبہ کیا ۔
امریکہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں عراق کے سبھی پیر و جواں ، عورتیں ، بچے اور قبائل نے شرکت کی اور بغداد کی فضائیں امریکہ مردہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی جبکہ امریکی اور اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔