امریکہ نے چین کی 28 کمپنیاں بلیک لسٹ کر دیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امریکہ نے چین میں ایغور مسلم اقلیتوں کے حقوق کی مبینہ خلاف ورزی کے واقعات سامنے آنے پر چین کی 28 کمپنیوں اور شخصیات کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین اور امریکہ کی تجارتی جنگ نے شدت اختیار کی ہے اور نئے محصولات کا نفاذ ہوگیا اس طرح اب امریکہ 15 فیصد درآمدی ٹیکس وصول کرے گا۔ اس کے علاوہ چینی کمپنیوں پر امریکی مصنوعات کی خریداری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے اور چینی کمپنیوں کو مصنوعات کی خریداری کے لیے واشنگٹن کی اجازت درکار ہوگی۔
امریکہ نے جن چینی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کیا ہے ان میں ویڈیو نگرانی مصنوعات بنانےوالی معروف کمپنی ہک وژن ، مصنوعی ذہانت کی کمپنیاں میگوی ٹیکنالوجی اور سینس ٹائمز بھی شامل ہیں۔
امریکی حکام نے دعوی کیا ہے کہ سنکیانگ میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر پابندی عائد کی گئی، ان پابندیوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کا آغاز ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارت سنبھالتے ہی ہوگیا تھا اور دونوں ممالک تب سے ایک دوسرے کی درآمدی اشیاء پر ٹیکس کی شرح میں اضافے پر اضافہ کر رہے ہیں تاہم دو روز بعد جمعرات کو دونوں ممالک کے درمیان معاشی مذاکرات کا عمل شروع ہونا ہے جو نئی پابندیوں کے بعد کھٹائی میں پڑتا نظر آرہا ہے۔