امریکہ نے اسرائیل سے یاری کے بدلے امارات کے ساتھ 23 ارب ڈالر کا معاہدہ بحال کر دیا
شیعہ نیوز: رائٹرز کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ نے غاصب صہیونی حکومت کو تسلیم کرنے کی پاداش میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ 23 ارب ڈالر مالیت کے اسلحہ فروخت کرنے کےمعاہدے کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ڈیل کے تحت امارات کو F-35 ڈرون جہاز اور دیگر جدید آلات دیے جائیں گے۔ اس معاہدے کی بابت جو بائیڈ ن انتظامیہ نے کانگریس کو بتایا ہے کہ ہم ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہونے والی23ارب ڈالر سے زائد اسلحہ کی فروخت کے معاہدے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کا اس معاہدے پر کہنا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ متحدہ عرب امارات کو اسلحے کی مجوزہ فروخت کے معاملات کو آگے بڑھا رہی ہے اور ہم اس سے متعلق تمام تفصیلات پر نظر ثانی کرتے ہوئے اماراتی حکام کے ساتھ ان ہتھیاروں کے استعمال پر بھی مشاورت کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے غدار حکمرانوں نے سعودی عرب کے تعاون اور مشاورت کے ساتھ اسرائیل کی غاصب حکومت کا باقاعدہ تسلیم کرکے اسلام ، مسلمانوں اور فلسطین کے ساتھ بہت بڑی خیانت اور غداری کا ارتکاب کیا ہے۔ عرب ذرائع کے مطابق بعض عرب ممالک کی جانب سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف خيانت کا سلسلہ جاری ہے۔ ان ممالک میں سعودی عرب، امارات اور بحرین سر فہرست ہیں۔