امریکی ایوان نمائندگان کا مائیک پومپیو کے نام مذمتی خط
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امریکی ایوان نمائندگان نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے صیہونی بستیوں کو قانونی قرار دیے جانے کی مذمت کی ہے۔
ایوان نمائندگان کے ایک سو سات ارکان نے اپنے ایک خط میں امریکہ کے وزیر خارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے غرب اردن اور بیت المقدس میں تعمیر کی جانے والے بستیوں کو قانونی قرار دیئے جانے سے متعلق بیان واپس لیں۔
اس خط میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلہ سے دنیا کو یہ پیغام جاتا ہے کہ امریکہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی کا قوانین کا احترام نہیں کرتا۔
خط میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرکے پہلے ہی اسرائیل فلسطین تنازعے میں غیر جانبدار ثالث کے طور پر امریکہ کی ساکھ برباد کردی ہے۔
خط کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے تازہ فیصلے سے امریکہ، صیہونی حکومت اور فلسطینی عوام کی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ غرب اردن میں نئی صیہونی کالونیوں کی تعمیر عالمی قوانین کے منافی نہیں ہے۔
فلسطینی عوام اور یورپی یونین کے علاوہ دنیا کے بیشتر ممالک نے امریکی وزیر خارجہ کے اس بیان کی شدید مخالفت کی ہے۔