امریکی کانگرس نے ٹرمپ کے منصوبے کو ’تاریخ کا المیہ‘ قرار دیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہاد مشرق وسطیٰ امن منصوبے ’’صدی کی ڈیل‘‘ پر امریکہ میں بھی سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی کانگرس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان نے ٹرمپ کے امن پلان کو ’’تاریخ کا المیہ‘‘ قرار دیا ہے۔ امریکی ارکان کانگرس کی طرف سے جاری کردہ اپنے رد عمل میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کا نام نہاد امن منصوبہ مشرق وسطیٰ میں امن کا ضامن نہیں ہو سکتا۔ یہ امن منصوبہ نہیں بلکہ صدی کا المیہ ہے۔
سینیٹ میں رکن کانگرس کریس وان ھولن نے کہا کہ صدی کی ڈیل تاریخ کا المیہ ہے۔ امریکہ کے اس منصوبے کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں مزید پھوٹ اور انتشار پھیلے گا۔
انہوں نے کہا کہ امن کے نام نہاد ٹھیکیداروں نے تنازع کے اہم ترین فریق کو نظرانداز کردیا۔جب تک فلسطینیوں کو امن عمل میں شامل نہیں کیا جاتا اس وقت تک کوئی بھی امن منصوبہ کامیاب نہیں ہوسکتا۔
ڈیموکریٹک سینٹر بیرنی سینڈرز نے امریکی امن منصوبے کو کسی صورت میں قبول نہیں کیا جاسکتا۔ اپنی ایک ٹویٹ میں سینڈر کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے لیے کوئی بھی امن منصوبہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین سے ماورا نہیں ہونا چاہیے۔
ڈیموکریٹک رکن الھان عمر نے امریکی امن منصوبے کو امن کے خلاف سازش اور مکروہ چال قرار دیا۔
رکن کانگریس رشیدہ طلیب کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کا اعلان بین الاقوامی قراردادوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
سینیٹر کریس میر کا کہنا تھا کہ انہوں نے مشرق وسطیٰ کے لیے ٹرمپ کے منصوبہ ساز جیرڈ کشنر سے کہا تھا کہ ان کا مجوزہ امن منصوبہ مشرق وسطیٰ کے حوالے سے امریکہ کے تاریخی اور اصولی موقف سے انحراف ہو گا۔