امریکی حکام قوموں کی آزادی اور استقلال کی توہین کرتے ہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے دفتر کی طرف سے ٹوئیٹر بیان میں کہا گیا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ افغانستان کی طرف اشارہ کرتے ہوئےفرمایا: امریکی حکام سرکاری طور پر قوموں کی آزادی اور استقلال کی توہین کرتے ہیں ۔
آیت اللہ خامنہ ای سے منقول ٹوئیٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’ امریکی حکام بغیر اجازت کے اور مخفیانہ طور پر ایک ملک میں داخل ہوتے ہیں جیسے عراق وغیرہ ، نہ اس ملک کی حکومت سے اجازت لیتے ہیں نہ حکومت کے عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہیں نہ اس ملک کے دارالحکومت کا دورہ کرتے ہیں ۔ اس ملک میں موجود اپنے فوجی اڈے میں جاتے ہیں اور پھر وہیں سے واپس ہوجاتے ہیں۔ اس طرح امریکی حکام قوموں کے استقلال اور آزادی کی توہین اور عالمی قوانین کو پامال کررہے ہیں ‘‘ ۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کل رات مخفیانہ اور غیر اعلانیہ دورے پر افغانستان پہنچے۔ جہاں اس نے امریکی فوجی اڈے پر افغان صدر سے ملاقات اور گفتگو کی۔