امریکی پابندیوں کے باوجود ایران کی ترقی کا سفر جاری ہے۔ روحانی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کے صدر نے ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اپنی استقامت کے ذریعےدشمنوں کی پابندیوں اور زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کے ہتھکنڈوں کو مواقع میں تبدیل کردیا ہے۔
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جو کوالالمپور کے بین الاقوامی اجلاس میں شرکت کے لئے ملائیشیا کے دورے پر ہیں بدھ کو ملائیشیا میں مقیم ایرانیوں کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ ایرانی عوام نے امریکہ کی ظالمانہ اور غیر منصفانہ پابندیوں کے مقابلے میں جن میں اشیائے خوراک اور دوائیں بھی شامل ہیں استقامت و پامردی کا مظاہرہ کیا ہے۔
صدر حسن روحانی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ امریکہ اور صیہونی حکومت نے ایران پر پابندیاں عائد اور زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈال کر اسلامی جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی کہا کہ اقتصادی، سیاسی، سماجی، ثقافتی اور دفاعی میدانوں میں اغیار کے دباؤ کے مقابلے میں ایران کی استقامت پہلے سے کہیں زیادہ ہوگئی ہے۔
انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ پابندیوں کا راستہ سب کی شکست کا راستہ ہے اور یہ سلسلہ زیادہ عرصے تک نہیں چل سکتا کہا کہ یہ سب کومعلوم ہے کہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کسی کے مفاد میں نہیں ہے حتی امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو بھی اس سے کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امریکہ کو بہرحال محبور ہو کر ایک دن اپنا یہ راستہ ترک کرنا ہوگا اور ایران بھی اپنی استقامت و پامردی کے ذریعے امریکیوں کواپنےراستے سے واپس لوٹنے پر مجبور کرے گا۔
صدر حسن روحانی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایران کے عوام نے ہمیشہ انتہا پسندی اوردہشت گردی کی مخالفت کی ہے کہا کہ ایران کاپیغام سبھی ملکوں خاص طورپر اسلامی ملکوں کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار کرنا ہے۔