
امریکی سازشی منصوبے کے خلاف جنگ فرض اور پسپائی حرام ہے۔ ھنیہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے امریکہ کی طرف سے تیار کردہ نام نہاد امن منصوبے ’’ سینچری ڈیل‘‘ کے اعلان سے قبل تمام فلسطینی قوتوں کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں جمع ہونے کے لیے طلب کیا ہے۔ تاکہ سینچری ڈیل کے اعلان کے بعد آئندہ کےلیے لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ سینچری ڈیل کا مقابلہ ہمارے لیے ایک جنگ ہے اور ہم اس جنگ میں کسی صورت میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اس جنگ میں پسپائی حرام ہے۔
اسماعیل ھنیہ کا کہنا ہے کہ فلسطین ہمارا وطن، ہماری پاک سرزمین، پوری امت کا قیمتی ہیرا ہے جس پر نہ تو کوئی سمجھوتا کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی اس کی خریدو فروخت کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم فوری طور پرتحریک فتح کی قیادت سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ اس مقصد کے لیے تمام فلسطینی قوتوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قاہرہ پہنچیں تاکہ سینچری ڈیل کی امریکی سازش کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جاسکے۔ ہمیں اپنے وطن، مقدسات اور محرمات کا خود ہی دفاع کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم دنیا، امریکہ اور صیہونیوں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ سینچری ڈیل کو آگے بڑھنے نہیں دیا جائےگا۔ یہ امریکہ کا نیا استعماری منصوبہ پاش پاش ہوگا اور اس میں فتح ونصرت فلسطینی قوم کی ہوگی۔
خیال رہےکہ گذشتہ جمعہ کو امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ منگل سے قبل مشرق وسطیٰ کے لیے اپنے تیار کردہ امن منصوبے سینچری ڈیل کا اعلان کرنے والے ہیں۔