مشرق وسطی

امریکی سفارتخانے پر راکٹ حملہ، الحشدالشعبی کی کامیاب کارروائی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراقی ذرائع کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد پر راکٹ اور میزائل داغے گئے ہیں ۔ الحشدالشعبی نے دہشت گردوں کے خلاف کاروائیوں کے کامیاب نتائج کی خبر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے الخضراء علاقہ میں تین راکٹ اور میزائل داغے گئے ہیں جن میں سے ایک راکٹ امریکی سفارتخانہ کے قریب گرا ہے۔ عراقی ذرائع کے مطابق الخضراء علاقہ میں تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں ۔

اسپوٹنک نیوز کے مطابق ان حملوں میں ابھی تک کسی جانی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔

دوسری طرف عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے ملک کے شمالی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائیوں کے کامیاب نتائج کی خبر دی ہے جبکہ کرکوک میں دہشت گردی کی ایک کارروائی ناکام بنا دی گئی ہے۔

عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے کمانڈر علاء الوحیلی نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے شمالی صوبے موصل کے مشرق میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کامیاب رہی ہیں ۔

علاء الوحیلی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ملک کے شمالی صوبے موصل کے مشرق میں دہشت گردوں کے خلاف ہونے والی کارروائیوں میں بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے کہا کہ داعش کے باقیات کی مکمل نابودی کے لئے اسی جیسی مزید کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

درایں اثنا عراقی فوج کے جنگی طیاروں نے صوبہ نینوا میں داعش دہشت گردوں کے اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔

عراق کی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے سنیچر کی رات شمالی عراق کے بعض علاقوں پر کنٹرول حاصل کرنے کے لئے داعش دہشت گردوں کی کوششوں کو ناکام بنا دینے کی خبر دی ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق الحشدالشعبی کی اسپیشل فورس کی پندرہویں بریگیڈ کے کمانڈر طاہر عبداللہ نے اعلان کیا ہے کہ الحشدالشعبی کے جوانوں نے ایک مثالی آپریشن کرکے صوبہ کرکوک میں داعش کے عناصر کے اقدامات کو ناکام بنا دیا۔

طاہر عبداللہ کے اعلان کے مطابق داعش دہشت گرد گروہ کے عناصر کرکوک میں کچھ علاقوں پر حملہ کر نے کی کوشش میں تھے۔

عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی ناکامی کے باوجود ملک کے مختلف علاقوں میں اس کے باقیات موجود ہیں اور گاہے بگاہے دہشت گردانہ کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button