پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

کراچی میں مکتب تشیع کے جید علمائے کرام کا ایک اہم اجلاس

شیعیت نیوز: 5؍ صفر 1445 ہجری بمطابق 23 ؍اگست 2023 بروز بدھ کراچی میں مکتب تشیع کے جید علمائے کرام کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں شہر قائد کے ممتاز علما نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت شیخ الاستاد حضرت آیت اللہ شیخ صلاح الدین صاحب قبلہ نے کی۔

اس اجلاس میں حضرت آیت اللہ شیخ صلاح الدین، حجۃ الاسلام مولانا سید حیدر عباس عابدی، حجۃ الاسلام مولاناعقیل موسیٰ، حجۃ الاسلام مولاناسید ناظر عباس تقوی، حجۃ الاسلام مولانا سید رضی حیدر زیدی، حجۃ الاسلام مولاناصادق جعفری، حجۃ الاسلام مولانا شیخ محمد حسین رئیسی، حجۃ الاسلام مولانا سید صادق رضا تقوی، حجۃ الاسلام مولانا نعیم الحسن حسینی، حجۃ الاسلام مولانا سید غضنفر فائزی ،حجۃ الاسلام مولانا سید میر عباس حسینی، حجۃ الاسلام مولانا روشن علی، حجۃ الاسلام مولاناجواد نوری، حجۃ الاسلام مولانا شیخ سجاد مہدوی نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک میں جاری تکفیری ٹولے کی مذموم سیاست کے نتیجے میں قائم شدہ فضا اور تکفیری عناصر کی جانب سے چور راستے سے پیش کیے جانے والے متنازع بل کے ممکنہ پہلوؤں، نقصانات، فرقہ واریت کے پھیلاؤ اور ملکی سالمیت کو در پیش چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں شامل تمام علمائے کرام نے 16 ؍اگست 2023 کو اسلام آباد میں منعقدہ علما و ذاکرین کانفرنس کے تمام فیصلہ جات کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہوئے ملت تشیع پاکستان کو یکم ربیع الاول 1445 ہجری کو اسلام آباد کی جانب پیش قدمی و مارچ کرنے پر تیاریاں شروع کرنے پر زور دیا۔

اجلاس میں ملک میں جاری سیاسی و اقتصادی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے علما نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم ربیع الاول کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کیلئے زمین ہموار کرنے کے حوالے سے شیعیان حیدر کرارؑ و عزاداران امام حسین ؑ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اربعین امام حسین ؑ کو اپنی تمام مذہبی عقیدت و مودت اور احترام کے ساتھ منائیں اور سندہ بھر سے یوم چہلم امام کے موقع پر عزادار اپنے گھروں سے قافلوں کی صورت میں سینہ زنی کرتے ہوئے نیز حسینیت زندہ باد و یزیدیت مردہ بار کے فلک شگاف نعروں کے سائے میں اپنے اپنے شہر، ضلع اور تعلقہ کے مرکزی جلوسوں میں شامل ہوں۔

اس سلسلے میں کراچی کے تمام اضلاع سے عزاداروں کو پائے پیادہ ’’مشی ‘‘ کے ساتھ قافلوں کی صورت میں نشتر پارک سے نکلنے والے مرکزی جلوس عزا میں شامل ہو کر اسے حسینیہ ایرانیان تک پہنچائیں۔

اس سلسلے میں مشی کے تمام منتظمین سے رابطے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان کے رہنماؤں نے آئمہ جمعہ و جماعات پر زور دیا کہ وہ نماز جمعہ کے خطبات میں اس متنازع بل کے حقائق کو لوگوں تک پہنچائیں اور اربعین کے مرکزی جلوس میں بھر پور شرکت کرنے کیلئے عزاداروں کو متوجہ کریں۔

اجلاس نے سندھ بھر کے تمام ذاکرین ، واعظین اور مبلغین پر زور دیا کہ وہ عزاداری امام عالی مقام ؑ کے مقاصد کو بیان کرنے کے ضمن میں زمانہ ٔ غیبت کبریٰ میں مومنین کے امتحان میں ولایت اہل بیت علیھم السلام سے حقیقی تمسک کے ذریعے نجات کے حصول کی جانب مومنین کو متوجہ کریں اور داخلی اتحاد و اتفاق کی جانب عملی پیش رفت کریں۔

اس سلسلے میں شہر کراچی میں سندھ بھر کے تمام علما و ذاکرین کے ایک بڑے اجتماع کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

ان تمام اقدامات کو حتمی شکل دینے کیلئے جلد ہی ایک لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا اور تمام شیعہ علما و ذاکرین سمیت تمام شیعہ تنظیمات و جماعتوں اور ماتمی انجمنوں سمیت تمام شیعہ قومی اداروں سے رابطے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

آخر میں متفقہ طور پر توہین صحابہ و اہل بیت کے اس متنازع بل کو پاکستان کی سلامتی کے منافی قرار دیتے ہوئے علمائے مکتب تشیع کا مطالبہ تھا کہ نگراں حکومت اس بل کو فوراً روکے اور اس کے بد نیتی پر قائم موقف کی بنیاد پر اسے مسترد کرے۔

یہ ایک ایسا فتنہ ہے کہ جس میں صحیح العقیدہ اہل سنت والجماعت کے تمام علما، مفتیان کرام ادارے اور تنظیمیں مکتب تشیع کے ساتھ ایک پلیٹ فارم پر کھڑی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button