اہم پاکستانی خبریں
گندم کی قیمت میں اضافے کیخلاف 21 دسمبر سے گلگت بلتستان میں احتجاجی تحریک کا اعلان
شیعہ نیوز: گندم کی قیمت میں اضافے کیخلاف 21 دسمبر سے پورے گلگت بلتستان میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ یہ اعلان عوامی ایکشن کمیٹی اور کل جماعتی اتحاد کی جانب سے کیا گیا ہے، ایکشن کمیٹی اور کل جماعتی اتحاد کا مشترکہ اجلاس ایکشن کمیٹی کے چیئرمین احسان علی ایڈووکیٹ کی صدارت میں سکردو کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے رہنماوں اور کل جماعتی اتحاد میں شامل تمام سیاسی، مذہبی، قوم پرست جماعتوں، تاجر تنظیموں کے رہنماوں اور وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مشترکہ اجلاس میں گندم کی قیمت میں اضافے سے عوام میں پائی جانے والی تشویش پر تبادلہ خیال کیا گیا اور متفقہ طورپر فیصلہ کیا گیا کہ چونکہ بیس دسمبر کو مطالبات کی منظوری کیلئے حکومت کو دی گئی مہلت ختم ہو رہی ہے لہٰذا 21 دسمبر سے پورے گلگت بلتستان میں بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ صوبائی حکومت نے گندم کی قیمت میں دوگنا اضافے کا فیصلہ کیا تھا جس کیخلاف عوامی سطح پر احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا۔ گلگت بلتستان میں ستر کی دہائی سے گندم پر مخصوص سبسڈی دی جا رہی ہے۔ اس وقت جی بی میں فی بوری گندم کی قیمت 21 سو روپے ہیں۔ وفاقی حکومت سالانہ سبسڈی کی مد میں 8 ارب روپے فراہم کرتی ہے۔