زائرین کا ایک اور قافلہ تفتان بارڈر سےڈی آئی خان قرنطینہ سینٹر منتقل
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) تفتان بارڈر سے 38زائرین کا ایک اور قافلہ قرنطینہ سینٹرگومل میڈیکل کالج ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق تفتان بارڈر سے 38 زائرین پر مشتمل قافلہ قرنطینہ سنٹر (گومل میڈیکل کالج) پہنچا زائرین کا تعلق پشاور اور پارہ چنار سے ہے۔
زائرین کے قافلے کا ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر حافظ فاروق گل بیٹنی، ڈاکٹر درِآب خان، ڈاکٹر عنایت میانخیل اور ڈی ایس پی غازی خان نے خیر مقدم کیا۔ قرنطینہ سنٹر پر زائرین کو 1122 کی ٹیم نے کلورین کا سپرے کر کے اسنیٹائز کرنے کے بعد ان کو الگ الگ کمروں میں منتقل کر دیا ہے۔
جہاں آج ان کے سیمپل لئے جائیں گے اور سیمپل کے منفی رزلٹ آنے والوں کو اپنے گھروں کو روانہ کیا جائے گا جبکہ مثبت رزلٹ آنے والے زائرین کو کچھ روز کے لئے مذید قرنطینہ سنٹر میں رکھا جائے گا ۔
زائرین کا قافلہ پہنچنے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر درابن شاہ بہرام تحصیلدار قانونگو جمیل شاہ اور اسسٹنٹ پٹواری خالد بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ اب تک سندھ ، بلوچستان ، پنجاب ، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان پہنچنے والے ہزاروں زائرین کورونا وائرس سے کلیئرقرار دیکر گھروں کو روانہ کردیئے گئے ہیں ۔