انصار اللہ نے امریکہ کو دھمکی دے دی، جنگ کا دائرہ بڑھ سکتا ہے
شیعہ نیوز:تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبد السلام نے امریکہ کو خبردار کیا کہ اگر اس نے غزہ پٹی میں جارحیت جاری رکھنے کے لیے صیہونی حکومت کی حمایت جاری رکھی تو جنگ کا دائرہ بڑھ جائے گا۔
اس سے پہلے یمن کی مسلح افواج نے چند روز قبل صیہونی دشمن سے براہ راست جنگ کا اعلان کرتے ہوئے صیہونی ٹھکانوں پر وسیع میزائل اور ڈرون حملے کئے تھے۔
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے ترجمان نے اردن میں امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلینکن کی موجودگی میں پانچ عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بے نتیجے ہونے کی شدید تنقید کرتے ہوئے امریکہ کو غزہ میں جرائم جاری رکھنے کی بابت خبردار کیا۔
محمد عبدالسلام نے سخت لہجے میں ٹویٹ کیا کہ بلینکن کو جان لینا چاہیے کہ جب تک امریکہ صیہونی حکومت کو اپنے جرائم اور غزہ پٹی میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھنے کا موقع فراہم کرتا رہے گا، تنازعات کا دائرہ وسیع ہوتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عربوں پر پہلے سے زیادہ فرض ہے کہ وہ فلسطینی قوم اور غزہ کے عوام کے لیے ذمہ دار ہوں اور فلسطینی قوم کی ہر طرح سے حمایت کریں جب تک کہ وہ اپنے جائز حقوق حاصل نہ کر لیں۔