
ایران کے خلاف امریکی اور برطانوی اقدامات کی صورت میں خاموش نہیں بیٹھیں گے، انصاراللہ
شیعہ نیوز: انصاراللہ کے رہنما نے کہا کہ اگر امریکہ یا برطانیہ نے ایران کے خلاف کسی براہ راست حملے میں شرکت کی تو ایران اور اس کے اتحادی بھرپور اور شدید جواب دیں گے، جس سے پورا خطہ آگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یمن کی انصاراللہ تحریک کے ایک سینئر رہنما نے اسرائیل کے ساتھ کسی بھی ممکنہ امریکی مداخلت کے حوالے سے واشنگٹن کو سخت تنبیہ کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انصاراللہ یمن کے سیاسی دفتر کے رکن محمد الفرح نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیاں صہیونی دشمن کی عنقریب متوقع شکست اور تل ابیب کے حکام کے ہاتھوں سے صورتِ حال کے نکلنے کی علامت ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سینکڑوں صہیونی ایران کے ممکنہ حملے کے خوف سے بحری راستے سے قبرص فرار
انہوں نے مزید کہا کہ اگر صہیونی حکومت ایران کے ساتھ براہ راست مقابلے کی صلاحیت رکھتی تو اسے امریکہ کی دھمکیوں اور حمایت کی ضرورت پیش نہ آتی۔
الفرح نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ یا برطانیہ نے ایران کے خلاف کسی براہ راست فوجی مداخلت کی کوشش کی تو ایران اور اس کے اتحادی خاموش نہیں بیٹھیں گے اور ان کا ردعمل انتہائی شدید ہوگا۔
انہوں نے مغربی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایران اور اس کے اتحادیوں کے پاس اس جنگ میں دباؤ ڈالنے کے لیے متعدد آپشنز موجود ہیں جن میں سب سے آسان راستہ سمندری گزرگاہوں کی بندش، دشمن ممالک کی نیوی گیشن کو خطرے میں ڈالنا اور توانائی کی فراہمی کو روکنا ہے، جو پورے خطے میں آگ بھڑکانے کا سبب بن سکتا ہے۔