مشرق وسطی

رام اللہ میں صیہونیت مخالف مزاحمتی کارروائی

شیعہ نیوز: فلسطینی ذرائع نے خبـر دی ہے کہ جنوب مغربی رام اللہ میں صیہونیت مخالف کارروائی انجام پائی ہے جہاں صیہونیوں کی وحشیانہ جارحیتوں کے جواب میں ایک صیہونی فوجی کو حملے کا نشانہ بنایا گیا اور اسے گاڑی سے کچل دیا گیا۔ان فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی جارحیت کا جواب دینے والے فلسطینی کو صیہونی فوجیوں نے براہ راست گولی مار کر شہید کردیا۔ اس درمیان اطلاع ملی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں کو بھی جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔

فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی انتہا پسندوں نے غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کی مدد سے مقبوضہ بیت المقدس میں جبل المکبراور سلوان نامی علاقوں پر دھاوا بول دیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے منگل اور بدھ کی رات مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب مغربی علاقے جبل الکبر میں ایک مسجد پر حملہ کر دیا۔

مقامی ذرائع‏ کا کہنا ہے کہ اس حملے کے دوران صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔

مقبوضہ بیت المقدس میں سلوان کے علاقے اور مسجد الاقصیٰ کے اطراف میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔غاصب صیہونی حکومت کے فوجی اپنے شرمناک اور توسیع پسندانہ مقاصد کے حصول کے لئے آئے دن فلسطین کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں جس میں روزانہ فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید و زخمی ہوجاتی ہے یا پھر ان کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جاری وحشیانہ جرائم اور مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصیٰ کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں اور صیہونی انتہا پسندوں کی جارحیت کے جواب میں فلسطینیوں کی کارروائیاں ایک فطری ردعمل ہے۔

غرب اردن کے مختلف علاقے خاص طور سے نابلس اور جنین اس وقت صیہونی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان جھڑپوں کا میدان بنے ہوئے ہیں جبکہ صیہونی فوجیوں نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان علاقوں میں حال ہی میں دس فلسطینیوں کو شہید کیا ہے۔

دوسری جانب اردن کے دارالحکومت امان میں اردنی باشندوں نے فلسطینی مجاہدین کی حمایت میں وسیع پیمانے پر کمپین چلانے کی اپیل کی ہے۔ ہمارے نمائندے کے مطابق یہ اپیل سوشل میڈیا کے ذریعے کی گئی ہے جس میں اردن کے عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ فلسطینی مجاہدین سے یکجہتی کا اظہار کریں اور مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کی حمایت میں ریلیاں نکالیں۔

فلسطینی مجاہدین سے اظہار یکجہتی کے لئے اردن کے عوام سے اس طرح کے مظاہرے کرنے کی یہ پہلی بار اپیل کی گئی ہے۔ مظاہروں کی یہ اپیل خاص طور سے اسلامی ایکشن پارٹی اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد کی جانب سے کی گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button